چارمینار کے دامن میں مقرر ، پرنسپال سکریٹری و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد کا دورہ
حیدرآباد۔14اکٹوبر(سیاست نیوز) تاریخی چارمینار کے دامن میں حکومت تلنگانہ کی جانب سے اتوارکو ’’ایک شام چارمینار کے نام‘‘پروگرام منعقد ہوگا اور ٹینک بنڈ پر ہونے والے سنڈے فن ڈے طرز کے پروگرامس چارمینار کے دامن میں ہوگا۔پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم ونسق مسٹر اروند کمار نے آج رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسد الدین اویسی کے ہمراہ چارمینار اور اطراف کے علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے پیدل راہرو پراجکٹ کے کاموں کا جائزہ لینے کے علاوہ چارمینار کے دامن میں ہر اتوار کی شام سیاحوں کے لئے خصوصی پروگرام کے انعقاد کے سلسلہ میں اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ۔ بیرسٹراسدالدین اویسی کے علی الصبح دورۂ چارمینار کے موقع پر ان کے ہمراہ پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق مسٹر اروند کمار کے علاوہ مسٹر انجنی کمارکمشنر حیدرآباد سٹی پولیس اور دیگر عہدیداراں موجود تھے ۔ بعدازاں مسٹر اروند کمار نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا کہ چارمینار کے دامن میں پیدل راہروؤں کی سہولت اور ان کے لئے تفریحی پروگرامس کو قطعیت دینے کے اقدامات کئے جاچکے ہیں اور اس منصوبہ کو 17 اکٹوبر سے قابل عمل بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ چارمینار کے دامن میں لائٹس اینڈ لیزر شو کے سلسلہ میں کئی برسوں قبل اعلان کیا گیا تھا کہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کو عوامی دلچسپی کے پراجکٹ کے طور پر فروغ دینے کے لئے چارمینار پر لائٹس اینڈ لیزر شو کے انعقاد کے اقدامات کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق عہدیداروں نے آج کئے جانے والے دورہ کے دوران لائٹ اینڈ لیزر شو کے علاوہ دیگر پروگرامس کے امور کا جائزہ لیا اور ہر اتوار کو مختلف پروگرامس کے انعقاد کے سلسلہ میں اقدامات کی ہدایات دی گئی ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ محکمہ بلدی نظم ونسق کے عہدیداروں نے ساؤتھ زونل کمشنر اور محکمہ پولیس کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اتوار کے دن چارمینار کے دامن میں پیدل راہروؤں کو بلا کسی رکاوٹ و تکلیف کیلئے چہل قدمی کیلئے راستہ کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ پروگرام کے انعقاد میں شہریوں اور سیاحوں کو تکالیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ذرائع کے مطابق 17اکٹوبر کو منعقد ہونے والے اس پروگرام کو تجرباتی اساس پر منعقد کیا جائے گا اور اتوار کے پروگرام میں کسی طرح کی مشکلات کی صورت میں آئندہ ہفتہ کے دوران ان مشکلات کو دور کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے اور بہتر انداز میں پروگرام منعقد کیا جائے گا۔م