اتوار کو حسین ساگر پر تفریح کی سہولت سے استفادہ کرنے اروند کمار کی خواہش

   

حیدرآباد، 11ستمبر (یواین آئی) اسپیشل چیف سکریٹری شہری ترقی تلنگانہ اروند کمار نے شہریوں سے خواہش کی ہے کہ وہ شہر حیدرآباد کے ٹینک بنڈ علاقہ میں سن فن ڈے سے استفادہ کریں۔ٹوئیٹر پر سرگرم مسٹرکمار نے کہا کہ ہر اتوار کو اس علاقہ میں ہندوستانی فوج کے بینڈ، آرٹس اینڈ کرافٹس اسٹالس،شلپارامم کے صناع کاروں کے پروڈکٹس کی فروخت، فوڈ ٹرکس، ٹسکو ہینڈلوم اسٹالس کا انتظام کیاجارہا ہے ۔انہوں نے اس خصوص میں ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر حیدرآباد میٹروپولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے مفت پودے بھی تقسیم کئے جارہے ہیں اور لیزر شو کا بھی اہتمام کیاجارہا ہے ۔واضح رہے کہ ہر اتوار کو ٹینک بنڈ علاقہ میں ٹریفک کے رخ کو موڑتے ہوئے یہاں پر عوام کے لئے تفریح کا انتظام کیاجارہا ہے ۔گذشتہ دو ہفتوں سے ٹینک بنڈ پر عوام کی تفریح کیلئے انتظامات ریاستی حکومت کی جانب سے کئے جارہے ہیں جس پر عوام کا کافی بہتر ردعمل مل رہا ہے ۔اس علاقہ میں ہر اتوار کی شام ٹریفک تحدیدات عائد کی جارہی ہیں تاکہ تفریح کی غرض سے یہاں آنے والوں کو سہولت فراہم ہو سکے ۔ ہر اتوار کی شام ٹینک بنڈ کی دونوں جانب دو سو میٹر کے اندر کا علاقہ پارکنگ لئے الاٹ کیاجارہا ہے ، ایک شہری کی جانب سے وزیر بلدی نظم ونسق کے ٹی آر کو ٹویٹ کرکے کہا گیا تھا کہ ٹینک بنڈ کے پاس گاڑیوں کی پارکنگ کا مناسب انتظام نہ ہونے سے تفریح کیلئے آنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، جس پر انہوں نے پولیس عہدیداروں کو اس سلسلے میں اقدامات کا مشورہ دیا تھا۔