ریاستی وزراء ‘ ارکان اسمبلی اور عہدیداروں کا پرجوش ردعمل اورصفائی مہم
حیدرآباد۔10مئی (سیاست نیوز) ریاستی وزیربلدی نظم ونسق کے ٹی راما راؤ نے اتوار 10مئی کو 10 منٹ کیلئے صفائی مہم کا چیالنج کیا تھا اور اس میں کئی اہم شخصیتوں نے حصہ لیتے ہوئے اسے کامیاب بنایا۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے ریاست کو وبائی امراض سے پاک بنانے کے علاوہ ریاست میں وبائی امراض کو پھیلنے سے روکنے کیلئے اقدامات میں ہر شخص کے تعاون کے حصول کے لئے درختوں اور مکان میں پانی جمع ہونے کے مقامات کی صفائی اور مچھروں کی افزائش کی روک تھام کے اقدامات کو یقینی بنانے میں تعاون کی اپیل کی تھی۔ کے ٹی راما راؤ کی جانب سے کی جانے والی اس اپیل پر کئی سیاستدانوں بالخصوص تلنگانہ راشٹر سمیتی سے تعلق رکھنے والے بیشتر ارکان اسمبلی ‘ ریاستی وزراء ‘ ارکان پارلیمان و قانون ساز کونسل کے علاوہ ریاستی حکومت کے سرکردہ عہدیداروں نے اس مہم میں حصہ لیتے ہوئے اپنے گھروں میں جمع پانی کی صفائی کی تصاویر ٹوئیٹر کے ذریعہ عوام تک پہنچائی اور عوام کو اس مہم میں حصہ لینے کی افادیت سے واقف کرواتے ہوئے شہر اور ریاست کو مچھروں سے پاک کرنے کے ساتھ ساتھ وبائی امراض سے پاک بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ کے ٹی راما راؤ کی اپیل پر پرنسپل سیکریٹری ریاستی محکمہ بلدی نظم و نسق اروند کمار نے اپنے مکان میں واقع پودوں کے نیچے جمع ہونے والے پانی کی صفائی کرتے ہوئے تصاویر اپ لوڈ کیں جبکہ ضلع کلکٹر حیدرآباد محترمہ شویتا موہنتی نے بھی اس مہم میں حصہ لیتے ہوئے اپنی تصاویر ٹوئیٹر پر اپ لوڈ کی ہیں۔اس مہم میں ریاستی وزیر مسٹر جوگو رمنا نے بھی حصہ لیا اور جمع پانی کو صاف کرتے ہوئے تصاویر شئیر کی ۔ رکن اسمبلی راجندر نگر پرکاش گوڑ نے بھی اپنے گھر میں پودوں کے قریب جمع پانی کو صاف کیا ۔اسپیکر ریاستی اسمبلی مسٹر پوچارم سرینواس ریڈی نے بھی پودوں کی صفائی کرتے ہوئے ویڈیو شئیر کی ۔ رکن اسمبلی پدما دیویندر ریڈی نے کچن اور پودوں کی صفائی کی تصاویر شئیر کی ۔ریاستی وزرائکے ایشور‘ وی سرینواس گوڑ ‘ مسٹر آئی کے ریڈی کے علاوہ ارکان اسمبلی بی سمن ‘ کے ودیا ساگر راؤ نے بھی اس مہم میں حصہ لیا۔ ریاست تلنگانہ کے تمام اضلاع کے ضلع کلکٹرس نے بھی 10مئی 10بجے دن 10 منٹ کیلئے انجام دی گئی اس صفائی مہم میں حصہ لیا ۔ مئیر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد بی رام موہن اور جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے بھی اس مہم میں حصہ لیتے ہوئے ہوئے جمع پانی کی صفائی کے ذریعہ مچھروں کی افزائش کو روکنے میں تعاون کی مہم چلائی اور عوامی شعور اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی کہ جمع پانی کو صاف کرتے ہوئے مچھروں کی افزائش کو روکنے کے علاوہ وبائی امراض کو پھیلنے سے روکنے کے اقدامات کئے جا سکتے ہیں۔