نئی دہلی : کیرن انرجی کے ساتھ ٹیکس کے تنازعہ کے معاملے کے سلسلے میں فرانس میں ہندوستانی حکومت کے اثاثوں کی ضبطی کے اطلاعات کے دوران حکومت نے آج یہاں کہا ہے کہ اس سلسلے میں وہاں کی کسی عدالت کی جانب سے کوئی نوٹس یا اطلاع نہیں موصول ہوئی ہے ۔میڈیا میں ایسی خبریں ہیں کہ کیرن انرجی نے پیرس میں واقع حکومت ہند کی جائیدادیں قرق کردی ہیں۔ اس پر وزارت خزانہ نے یہاں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ سال دسمبر میں ہیگ کورٹ آف اپیل میں بین الاقوامی ثالثی کے تحت کیرن انرجی کے حق میں دیئے گئے فیصلے کو ہندوستانی حکومت نے 22 مارچ 2021 کو چیلنج کیا تھا اور ہیگ کے فیصلے کو پلٹنے کیلئے پرزور طریقے سے اپنی دلیلیں پیش کرے گی۔یہ بھی کہا گیا ہے کہ کیرن کے سی ای او اور نمائندوں نے حکومت سے اس مسئلے کو حل کرنے کی اپیل کی ہے ۔ اس سمت میں مثبت بات چیت ہوئی ہے اور حکومت اس تنازعہ کو ملک کے قانون کے دائرے میں حل کرنے کے لئے تیار ہے ۔