اثاثہ جات کی ضبطی ‘ وجئے مالیا کو ہائیکورٹ سے راحت نہیں

   

ممبئی 11 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) بمبئی ہائیکورٹ نے وجئے مالیا کی جائیدادوں کی ضبطی کے مقدمہ میں ایک خصوصی عدالت میں جاری کارروائیوں کو روکنے سے انکار کردیا ہے ۔ جسٹس عقیل قریشی اور جسٹس ایس کے کتھا والا کی قیادت والی ایک ڈویژن بنچ نے وجئے مالیا کی جانب سے گذشتہ مہینے پیش کی گئی ایک درخواست کو مسترد کردیا ہے جس میں استدعا کی گئی تھی کہ اثاثہ جات کی ضبطی کی جو کارروائی ایک خصوصی عدالت میں جاری ہے اس پر حکم التواء جاری کیا جائے ۔ مالیا نے اپنی درخواست میں ان کارروائیوں پر التواء کی استدعا کی تھی اور کہا تھا کہ اگر مقدمہ کی سماعت پر حکم التواء جاری نہ کیا جائے تو پھر ہائیکورٹ میں یکسوئی تک خصوصی عدالت کے فیصلے پر روک لگادی جائے ۔ ہائیکورٹ نے تاہم آج اپنی رولنگ میں کہا کہ مالیا کے خلاف جاری سماعت کو روکنے کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی ۔