چتور گڑھ: راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ اجتماعی شادیوں کی تقریبات کا انعقاد کرکے معاشی طور پر کمزور خاندانوں کو طاقت فراہم کرنے کے علاوہ مختلف برادریوں، ذاتوں اور مذاہب کے خاندانوں کو یکجا کرکے کثرت میں وحدت کے جذبے کو پورا کیا جاسکتا ہے ۔ گہلوت منگل کے روز کرشی اپج منڈی، نمبہیرا، چتور گڑھ میں ہریش انجانا ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر اہتمام دوسری مفت بین مذاہب اجتماعی شادی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے اجتماعی شادی کی تقریبات کی مکمل حوصلہ افزائی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کثرت میں وحدت ہماری بڑی طاقت ہے ، اسے کمزور نہیں ہونا چاہیے ۔ تمام مذہبی ہم آہنگی کا جذبہ اجتماعی شادی کی تقریبات سے پورا ہوتا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اجتماعی شادیاں سادگی کی علامت ہیں، ان سے دکھاوے اور اسراف کے رجحان سمیت کئی مسائل سے چھٹکارہ ملتی ہے ۔ انہوں نے 142 نئے شادی شدہ جوڑوں کو مبارکباد دی اور ان کی کامیاب ازدواجی زندگی کی تمنا ظاہر کی۔ گہلوت نے کہا کہ مضبوط جمہوریت اور آئین ہمارے ملک کی طاقت ہے ۔ ملک میں قانون کی حکمرانی ہونی چاہیے ۔