اجلاس میں تاخیر سے پہنچنے پر ضلع صدور سے وضاحت طلبی

   

حیدرآباد۔11 فروری (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے تلنگانہ قائدین میں ڈسپلین پیدا کرنے کے لیے سخت موقف اختیار کیا ہے۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدور کے آج منعقدہ اجلاس میں تاخیر سے پہنچنے والے ضلعی صدور کی سرزنش کرتے ہوئے ان سے وضاحت طلب کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ 31 اضلاع کے صدور میں 4 صدور اجلاس سے غیر حاضر رہے جن سے تحریری طور پر وضاحت طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ وقارآباد، نلگنڈہ اور سوریا پیٹ کے صدور تاخیر سے آمد پر انچارج جنرل سکریٹری کنتیا نے ناراضگی جتائی اور وضاحت طلب کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر نو نامزد صدور کو عہدوں سے دلچسپی نہیں ہے تو اے آئی سی سی ان کی جگہ نئے قائدین کو مقرر کردے گی۔ وقارآباد کے ضلع صدر نے ضلع میں پارٹی کے ایک کارکن کے انتقال کے سبب تاخیر کی وضاحت کی جبکہ نلگنڈہ اور سوریا پیٹ کے صدور میں ٹریفک میں پھنس جانے کا بہانہ بنایا۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری نے واضح کردیا کہ آئندہ اس طرح کی ڈسپلین شکنی برداشت نہیں کی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ نظام آباد، محبوب نگر، کوتہ گوڑیم کے بشمول 4 ضلعی صدور اجلاس سے غیر حاضر رہے۔ بعد میں ان سے وضاحت طلب کی جائے گی۔