اجمیرمیں808ویں سالانہ عرس کا آغاز

   

زائرین اور عقیدت مندوں کا زبردست ہجوم
اجمیر۔26 فروری (سیاست ڈاٹ کام)راجستھان کے اجمیر میں صوفی بزرگ خواجہ معین الدین چشتیؒ کے 808 ویں سالانہ عرس کا آغاز ہو چکا ہے ۔کل نصف شب 12 بجے آستانہ شریف پر شاہی غسل کی رسم ادا کی گئی۔اس دوران عقیدت مندوں کا ہجوم امڈ پڑا۔اس سے قبل رجب مہینے کا چاند دکھائی دینے پر درگاہ میں شادیانے بجا کر اور بڑے پیر صاحب کی پہاڑی سے توپ کا گولہ داغ کر عرس کا اعلان کیا گیا۔اعلانیہ بیان کے وقت زائرین اور عقیدت مندہی نہیں خدام طبقہ بھی خوشی سے جھوم اٹھا۔اس دوران پوری درگاہ قمقموں سے منور تھی۔ حسب روایت، اعلان کے بعد شب میں ہی درگاہ کے محفل خانہ میں درگاہ کے سجادہ نشین اوران کے صاحب زادے سید نصیر الدین کی صدارت میں عرس کی محفل منعقد ہوئی۔محفل میں شاہی قوالوں نے خواجہ غریب نواز کی شان میں صوفیانہ کلام اور قوالیاں پیش کی ۔قوالیوں کا یہ سلسلہ دوران عرس بدستور جاری رہے گا۔عرس کے موقع پر 2مارچ کو ایک اجتماعی نماز ادا کی جائے گی۔عرس کے چھٹے دن یعنی 2مارچ کو قل کی رسم ادا کی جائے گی۔ اس موقع پر زائرین کی ایک بڑی تعداداجمیر شریف پہنچ کر غریب نواز کی درگاہ پر چادر کا نذرانہ پیش کررہی ہے ۔