اجمیر : راجستھان کے اجمیر میں 8000 مربع میٹر اراضی پر 19.41 کروڑ روپے کی لاگت سے میونسپل کارپوریشن کی نئی بننے والی عمارت کا آج رسمی پوجا کے ساتھ سنگ بنیاد رکھا گیا۔راج گڑھ بھیرو دھام کے چیف پجاری چمپالال مہاراج کی میزبانی اورایم پی بھاگیرتھ چودھری کی صدارت میں ٹھیک نو بجے نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ میئر برجلتا ہاڈا کا کہنا ہے کہ میونسپل کارپوریشن میں نئے محکموں کی شمولیت کے بعد پرتھوی راج مارگ پر پرانی عمارت تنگ ہورہی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ اب چار منزلہ عمارت کی تعمیر دو مرحلوں میں مکمل کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ نئی عمارت جدید ترین ٹیکنالوجی پر مبنی ہوگی اور اس میں 150 کونسلرز کی گنجائش والا آڈیٹوریم بھی تیار کیا جائے گا۔ پہلا مرحلہ 18 ماہ میں مکمل ہوگا۔ سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں ایم ایل ایز واسودیو دیونانی، انیتا بھدیل، سریش راوت کے علاوہ ڈویژنل کمشنر بی ایل مہرا، کلکٹر انشدیپ بھی موجود تھے ۔