اجمیر میں جشن عید میلادالنبیؐ 19 اکٹوبرکو متوقع

   

اجمیر: راجستھان کے اجمیر میں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کا جشن عیدمیلادالنبی ؐروایتی اور مذہبی عقیدہ کے ساتھ چاند نظر آنے پر 19 اکتوبر کو منایا جائے گا۔اجمیر کی مسلم کمیونٹی 12 وفات پراجمیر شہرمیں جلوس نکالنے کے لئے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت کو خط لکھ کر درخواست کرے گی۔ انجمن سید زادگان کے سکریٹری وحید حسین انگارہ شاہ اورانجمن یادگار شیخ زادگان کے سکریٹری احتشام چشتی اوراندرکوٹیان کے صدر منصور خان نے باراوفات کا جلوس نکالنے والی صوفی انٹرنیشنل سوسائٹی کے ذریعہ کیاجارہا مطالبہ اوروزیراعلیٰ سے جلوس کی اجازت کیلئے پابندی ہٹائے جانے کے مطالبات کی حمایت کی ہے ۔عید میلاد النبی ؐحضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کے طورپر یہاں روایتی طریقے سے منعقد کی جاتی ہے اور درگاہ میں واقع ڈھائی دن کے جھونپڑے سے ہر سال ایک عظیم جلوس نکالا جاتا ہے جس کا ایک سرا دولت باغ تک پہنچتا ہے تودوسرا درگاہ کے مرکزی دروازے نظام گیٹ پر رہتا ہے ۔