میلبورن : ہندوستان کو میلبورن میں دوسرے باکسنگ ڈے ٹسٹ میں آسٹریلیا کے خلاف آٹھ وکٹ سے جیت دلانے والے کپتان اجنکیا رہانے کی تعریف کرنے والوں میں ایان چیپل بھی شامل ہوگئے ہیں جنہوں رہانے کی جم کر تعریف کرتے ہوئے انہیں بہادر اور تیزطرارکپتان بتایا ہے ۔آسٹریلیا کے سابق کپتان ایان چیپل بھی رہانے کی کپتانی کے مداح ہوگئے ہیں اور انہوں نے کہا کہ رہانے کا جنم لیڈ کرنے کے لئے ہی ہوا ہے ۔ رہانے کی قیادت میں ٹیم انڈیا نے آسٹریلیا کو دوسرے ٹسٹ میں آٹھ وکٹ سے شکست دے کر سیریز ایک۔ایک سے برابر کرلی ہے ۔ دونوں ٹیموں کے بیچ تیسرا ٹسٹ سات جنوری سے سڈنی میں شروع ہونا ہے۔ چیپل نے کرک انفو پر اپنے کالم میں کہا ‘‘میلبورن میں رہانے کی قیادت میں ٹیم انڈیا کا آسٹریلیا کو ہرانا میرے لئے حیرت زدہ کرنے والا نہیں تھا۔ جس نے 2017 میں دھرم شالہ میں رہانے کی کپتانی دیکھی ہے وہ رہانے کی تعریف کرے گا۔ 2017 کے اس میچ اور میلبورن ٹسٹ میں کافی یکسانیت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ، پہلی یکسانیت تو یہ ہے کہ یہ مقابلہ بھی دو چیلنجنگ ٹیموں کے بیچ کھیلا گیا ۔ دوسرا یہ کہ اس مقابلے میں بھی نچلی صف کے بلے باز رویندر جڈیجہ نے اپنا تعاون دیا اور آخر میں چھوٹے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے رہانے نے شاندار اننگز کھیلی۔