اجیت پوار اور ساتھیوں کی اچانک شرد پوار سے ملاقات

,

   

Ferty9 Clinic

باغی گروپ کی این سی پی سربراہ سے ملنے بلا اطلاع آمد۔ شرد پوار نے صرف ہماری بات سنی ‘ جواب کچھ نہیں دیا ۔ پرفل پٹیل کا اعتراف

ممبئی : مہاراشٹرا کے ڈپٹی چیف منسٹر اجیت پوار اور ان کے ساتھ این سی پی سے بغاوت کرتے ہوئے ایکناتھ شنڈے حکومت میں وزارت سنبھالنے والے قائدین نے آج اچانک ہی پارٹی سربراہ شرد پوار کی قیامگاہ پہونچ کر ان سے ملاقات کی ۔ واضح رہے کہ کل سے مہاراشٹرا اسمبلی کا اجلاس شروع ہو رہا ہے جس کے پیش نظر اس ملاقات کو سیاسی حلقوں میں کافی اہمیت دی جا رہی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ وائی بی چاوان سنٹر میں جیسے ہی این سی پی قائدین کا ایک اجلاس ہونے والا تھا اجیت پوار اور این سی پی سے بغاوت کرنے والے قائدین اچانک ہی وہاں پہونچ گئے اور انہوں نے شرد پوار سے ملاقات کی ۔ پوار سے ملاقات کرنے والوں میں پرفل پٹیل بھی شامل تھے ۔ انہوں نے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنے بھگوان اور اپنے لیڈر شرد پوار سے ملاقات کی ہے اور ان سے دعائیں لی ہیں۔ پرفل پٹیل نے کہا کہ ہم یہاں کسی طئے شدہ وقت کے بغیر پہونچے تھے ۔ ہمیں پتہ چلا کہ شرد پوار یہاں ایک اجلاس کیلئے آئے ہیں تو ہم بھی یہاں آگئے تاکہ ان کی دعا لے سکیں۔ پرفل پٹیل شرد پوار کے دیرینہ حامیوں میں شمار کئے جاتے تھے اور انہوں نے بھی اجیت پوار کے ساتھ شرد پوار کے خلاف بغاوت کردی تھی ۔ پرفل پٹیل نے کہا کہ انہوں نے شرد پوار سے کہا کہ وزارتیں سنبھالنے والے تمام قائدین ان کی بہت عزت کرتے ہیں لیکن این سی پی کو متحد رہنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ شرد پوار کو اس تعلق سے اچھے سے سوچنا اور ان سب کی مدد کرنا چاہئے ۔ پرفل پٹیل نے کہا کہ شرد پوار نے ہماری باتوں کا کوئی جواب نہیں دیا ۔ وہ صرف وہ کچھ سنتے رہے جو ہم کہتے رہے ۔ اس ملاقات کے بعد ہم واپس جا رہے ہیں۔ شرد پوار کے کیمپ سے تعلق رکھنے والے جئینت پاٹل نے توثیق کی کہ باغیوں نے پارٹی میں تقسیم پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور سینئر قائد سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مسئلہ کا کوئی حل نکالیں تاکہ پارٹی کو متحد رکھا جاسکے ۔ انہوں نے بھی کہا کہ شرد پوار نے سب کی باتیں سنیں لیکن کوئی جواب نہیں دیا ۔ جئینت پاٹل نے کہا کہ یہ ملاقات اچانک ہی ہوئی ہے ۔ ہم پہلے ہی اپنے موقف کو واضح کرچکے ہیں۔ ہم شرد پوار کے ساتھ بیٹھیں گے اور اس پر غور کریں گے ۔ اس کے بعد ہی کوئی واضح جواب دیا جاسکے گا ۔ مہاراشٹرا اسمبلی میں ہم حکومت کی تائید نہیں کر رہے ہیں اور اسی لئے اسپیکر ہمارے لئے علیحدہ جگہ کا انتظام کریں گے ۔ جئینت پاٹل نے مزید کہا کہ ایسے تقریبا 20 ارکان اسمبلی ہیں جو پارٹی کے دونوں گروپس کی تائید کر رہے ہیں۔ یہ تمام شرد پوار کے نظریات کی تائید کرتے ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے قائد اپوزیشن کے مسئلہ پر غور کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس جماعت کے ارکان اسمبلی سب سے زیادہ ہیں اسی کو قائد اپوزیشن کا عہدہ دیا جائیگا ۔ مسٹر پاٹل نے کہا کہ ہمیں اپوزیشن کا عہدہ حاصل ہے لیکن یہ عہدہ خالی ہے کیونکہ اجیت پوار مستعفی ہوچکے ہیں ۔ اب جس پارٹی کے پاس زیادہ تعداد میں ارکان اسمبلی ہونگے اسے ہی یہ عہدہ دیا جائیگا ۔ انہوں نے واضح کیا کہ شرد پوار کی این سی پی شیوسینا ( ادھو ) اور کانگریس کے ساتھ ہے ۔ اجیت پوار نے آج شرد پوار سے ملاقات سے قبل اپنی قیامگاہ پر اپنے حامی ارکان اسمبلی کا اجلاس بھی طلب کیا تھا ۔ شرد پوار سے ملاقات کرنے والوں میں وہ تمام ارکان اسمبلی بھی موجود تھے جنہوں نے وزارتی حلف لیا ہے ۔ اس کے علاوہ پرفل پٹیل بھی موجود تھے ۔ شرد پوار کے ساتھ ان کی دختر سپریا سولے ‘ جئینت پاٹل اور جتیندر اہواڈ بھی موجود تھے ۔ بغاوت کے بعد شرد پوار سے اجیت پوار گروپ کے قائدین کی یہ پہلی ملاقات تھی ۔