کم از کم 9 ایم ایل ایز دوبارہ شرد پوار کی طرف آگئے: ذرائع
ممبئی ، 23 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) این سی پی نے ہفتہ کی شام اجیت پوار کو پارٹی کی لیجسلیچر یونٹ کے لیڈر کی حیثیت سے برطرف کردیا کیونکہ انھوں نے بی جے پی سے ہاتھ ملا لئے اور مہاراشٹرا کے ڈپٹی چیف منسٹر کے طور حلف لے لیا ہے۔ سربراہ پارٹی شرد پوار کی موجودہ میں یہاں لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ایک قرارداد منظوری کی گئی۔ کہا گیا کہ اجیت نے پارٹی کی پالیسیوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ ایوان میں پارٹی لیڈر کی حیثیت سے محروم ہوجانے کے پیش نظر اجیت پوار اب این سی پی ارکان اسمبلی کو وہپ جاری نہیں کرسکتے کہ وہ ایوان اسمبلی میں فلاں تحریک کی تائید یا مخالفت میں ووٹ دیں۔ دریں اثناء ذرائع نے بتایا کہ کم از کم 9 این سی پی ارکان اسمبلی جو اجیت پوار کی حلف برداری کے وقت موجود تھے، وہ پارٹی صف میں واپس آگئے اور شرد پوار کے تئیں وفاداری کا اظہار کیا ہے۔