عوام کی حمایت پارٹی کیساتھ ہے، : این سی پی سربراہ
ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے رہنما اجیت پوار اتوار کو مہاراشٹرا حکومت میں نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر شامل ہو گئے۔ وہ بی جے پی لیڈر دیویندر فڑنویس کے ساتھ دوسرے ڈپٹی چیف منسٹر ہونگے۔ ان کے ساتھ این سی پی کے کئی ممبران اسمبلی نے وزیر کے طور پر حلف لیا۔ یہ اقدام اجیت پوار کے مہاراشٹرا قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی حیثیت سے استعفیٰ دینے کی خواہش ظاہر کرنے کے چند دن بعد آیا ہے۔ اجیت پوار کے ساتھ این سی پی کے جملہ نو لیڈروں نے بطور وزیر حلف لیا۔ اس پورے معاملے پر شرد پوار نے کہا کہ ‘ہمیں عوام کی حمایت حاصل ہے۔ ہم سب کچھ دوبارہ بنائیں گے۔ مہاراشٹرا اس کھیل کو برداشت نہیں کرے گا۔ اجیت پوار کی بغاوت کے بعد این سی پی میں پھوٹ پڑنے کا خطرہ ہے۔ جو شرد پوار کے پارٹی سربراہ کے عہدے سے استعفیٰ دینے اور پھر تین دن بعد واپس لینے کے فیصلے کے ایک ماہ بعد سب کے سامنے آیا ہے۔این سی پی اور شرد پوار کو ایک بڑا جھٹکا لگاتے ہوئے، اجیت پوار اب نائب وزیر اعلی کے طور پر ایکناتھ شندے کی قیادت والی مہاراشٹر حکومت میں شامل ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اجیت پوار کے پاس اب تک 29 ایم ایل اے کے دستخط شدہ حمایت کا خط ہے۔اس بغاوت کے بعد اپوزیشن کے اتحاد کی کوششوں پر بھی اثر پڑسکتا ہے۔