اجیت پوار کی شرد پوار کی قیامگاہ پر آمد ‘ حامیوں کا استقبال

,

   

ممبئی 26 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا کے ڈپٹی چیف منسٹر کی حیثیت سے استعفی پیش کرنے کے چند ہی گھنٹوں میں این سی پی لیڈر اجیت پوار آج رات اپنے چچا اور پارٹی سربراہ شرد پوار کی قیامگاہ پہونچ گئے ۔ اجیت پوار کو این سی پی قائدین نے ترغیب دی کہ وہ پارٹی میں واپس آجائیں اور شرد پوار سے ملاقات کریں ۔ این سی پی قائدین کا اصرار تھا کہ اجیت پارٹی میں واپس آجائیں۔ قبل ازیں آج دن میں اجیت پوار نے ڈپٹی چیف منسٹر مہاراشٹرا کی حیثیت سے استعفی پیش کردیا تھا ۔ انہوں نے اس کیلئے شخصی وجوہات کا بہانہ کیا تھا ۔ کہا گیا ہے کہ آج صبح شرد پوار نے اجیت پوار سے فون پر بات کی تھی اور انہیں گھر آنے کو کہا تھا ۔ اجیت پوار کے استعفی کے بعد مہاراشٹرا میں دیویندر فرنویس کی قیادت والی حکومت زوال کا شکار ہوگئی ۔ اجیت کے بعد خود فرنویس نے بھی استعفی پیش کردیا ۔ ہفتہ کو اجیت پوار کو این سی پی مقننہ پارٹی کے لیڈر کی حیثیت سے برطرف کردیا گیا تھا ۔ اجیت پوار کی واپسی پر ان کے حامیوں نے بارامتی اور پونے میں مسرت کا اظہار کرتے ہوئے مٹھائیاں تقسیم کیں۔