اجیت پوار کی موت محض ایک حادثہ، سیاست نہ کی جائے :شرد پوار

   

بارامتی ، 28 جنوری (یو این آئی) صدر این سی پی (ایس پی) اور سابق مرکزی وزیر شردپوار نے آج واضح طور پر کہا کہ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی موت محض ایک حادثہ ہے اور اس میں کسی قسم کی سیاست کی گنجائش نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا نے فوری اور مضبوط فیصلے کرنے والے ایک ایسے رہنما کو کھو دیا ہے جس کی تلافی جلد ممکن نہیں۔ اجیت پوار کی طیارہ حادثے میں موت کی خبر ملتے ہی شرد پوار فوراً بارامتی پہنچ گئے تھے ۔ اس وقت وہ شدید صدمے میں تھے اور کوئی باضابطہ ردعمل ظاہر نہیں کیا تھا۔ تاہم، سوشل میڈیا پر اجیت پوار کی موت کو لیکر شکوک و شبہات پر مبنی
بعض پوسٹس سامنے آنے کے بعد شرد پوار نے چہارشنبہ کی شام اپنی خاموشی توڑی۔ بھرائی آواز اور آنکھوں میں آنسو لیے شرد پوار نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ یہ صرف ایک حادثہ ہے اور اس کے پیچھے کسی قسم کی سیاست تلاش کرنا غلط ہے ۔ شرد پوار نے کہا کہ مہاراشٹرا نے ایک ایسے شخص کو کھو دیا ہے جس میں فوری، درست اور جرات مندانہ فیصلے لینے کی صلاحیت تھی۔ جو نقصان ہوا ہے ، وہ کبھی پورا نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے اپیل کی کہ اس سانحے پر سیاست نہ کی جائے کیونکہ پورا مہاراشٹرا اس دکھ سے متاثر ہے ۔