ممبئی /24 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) این سی پی قائد اجیت پوار جنہیں ہفتہ کے دن ڈپٹی چیف منسٹر مہاراشٹرا کی حیثیت سے حلف دلوایا گیا تھا ۔ اپنی خانگی قیامگاہ واقع چرچ گیٹ پر اتوار کی صبح واپس آگئے ۔ دریں اثناء بی جے پی ارکان اسمبلی کا ایک اجلاس ممبئی میں مقرر ہے ۔ ایک دن قبل دیویندر فرنویس نے بحیثیت چیف منسٹر مہاراشٹرا دوبارہ حلف لیا تھا ۔ این سی پی ، کانگریس اور شیو سینا اپنے ارکان اسمبلی کے بی جے پی کے پھندے میں نہ پھسنے کی جدوجہد میں مصروف ہے ۔ این سی پی اور شیو سینا نے اپنے ارکان اسمبلی کو ممبئی کی پرتعیش ہوٹلوں کو منتقل کردیا ہے ۔ جبکہ کانگریس کے ذرائع کے بموجب وہ اپنے ارکان اسمبلی کو جئے پور منتقل کرے گی ۔ جہاں کانگریس برسر اقتدار ہے ۔ بی جے پی کو اپنی عکثریت ثابت کرنے کم از کم 145 ارکان کی ضرورت ہے ۔