اجیت ڈوول کے دفتر پر جیش محمد کی نظر ویڈیو برآمد ہونے پر سیکورٹی ایجنسیاں چوکس

   

نئی دہلی: قومی سلامتی کے مشیر (این ایس اے) اجیت ڈووال کے حفاظتی انتظامات میں اضافہ کیا گیا ہے۔ عسکری تنظیم جیش محمد سے منسلک ہدایت اللہ ملک سے ڈووال کے دفتر کی ریکی کی ایک ویڈیو برآمد ہونے کے بعد یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔ کشمیر کے شوپیاں کے رہائشی ہدایت اللہ ملک کو 6 فروری کو گرفتار کیا گیا تھا۔یہ ریکی (جیش محمد کے ارکان کی ڈوول کے دفتر کے قریب گشت جائزہ لینے کی تصاویر کا واقعہ ) پچھلے سال کی گئی تھی۔ ہدایت اللہ ملک نے ڈووال کے دفتر اور سری نگر کے کئی علاقوں کی ویڈیو ریکارڈ کی تھی۔ہدایت ملک نے یہ ویڈیوز پاکستان میں اپنے آقاؤں کو بھجوائی تھی۔ اطلاع ملتے ہی سیکورٹی ایجنسیوں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔اس سلسلے میں ایف آئی آر بھی درج کی گئی ہے۔ ہدایت ملک کے خلاف جموں کے گنگیال تھانے میں یو اے پی اے کی دفعہ 18 اور 20 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ہدایت ملک کو جیش سے منسلک گروپ لشکرِ مصطفی کا سربراہ بتایا جا رہا ہے۔ اسے اننت ناگ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ہدایت ملک کے قبضہ سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے۔خفیہ ایجنسیوں کے مطابق پاکستان کی ملی ٹینٹ تنظیمیں جموں و کشمیر میں حملے کرنے کی سازش میں مصروف ہیں۔