اجیت کے کام میں کوئی شک نہیں لیکن بارامتی کو نئی قیادت کی ضرورت : پوار

   

پونے: این سی پی (شرد پوار) کے صدر شرد پوار نے منگل کو بارامتی میں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے کام کی تعریف کی، لیکن اس بات پر زور دیا کہ خطے کو اگلی تین دہائیوں تک ترقی کیلئے ایک نئے موقع اور قیادت کی ضرورت ہے۔ پوار پارٹی امیدوار اور ان کے پوتے یوگیندر پوار کیلئے مہم چلا رہے تھے، جو 20 نومبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات میں اپنے چچا اجیت سے مقابلہ کرنے والے ہیں۔ شیرسپھل، بارامتی میں ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے، این سی پی (شرد پوار) کے سربراہ نے کہا کہ اس سال کے شروع میں بارامتی لوک سبھا سیٹ کیلئے مقابلہ سخت تھا کیونکہ الیکشن خاندان کے اندر لڑا گیا تھا، اور اب، اس کے پانچ ماہ بعدعلاقہ کے عوام کو ایک بار پھر اسی طرح کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا۔ عام انتخابات میں بارامتی ایم پی سپریا سولے نے بارامتی لوک سبھا سیٹ سے اپنی بھابھی اور اجیت پوار کی اہلیہ سنیترا پوار کو شکست دی تھی۔ یوگیندر پوار اجیت کے چھوٹے بھائی سری نواس پوار کے بیٹے ہیں۔ پوار نے کہاکہ آپ نے مجھے ایک یا دو بار نہیں بلکہ چار بار وزیر اعلیٰ بنایا ہے۔ آپ نے مجھے 1967 میں منتخب کیا، اور میں نے مہاراشٹر میں کام کرنے سے پہلے 25 سال تک یہاں کام کیا۔ میں نے تمام مقامی اختیارات اجیت دادا کے حوالے کر دیے، تمام فیصلے ان کے حوالے کر دیے، پروگراموں اور بلدیاتی اداروں، چینی اور دودھ کے اداروں کیلئے انتخابات کی منصوبہ بندی کی۔ انہوں نے کہا کہ اجیت پوار نے اس شعبے میں 25 سے 30 سال تک کام کیا اور ان کے کام میں کوئی شک نہیں ہے۔ سابق مرکزی وزیر نے کہاکہ اب یہ مستقبل کی تیاری کا وقت ہے۔ ہمیں ایسی قیادت تیار کرنے کی ضرورت ہے جو اگلے 30 سالوں تک کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ سب کو موقع ملنا چاہیے اور انہوں نے کبھی کسی کو پیچھے نہیں رکھا۔