احتجاجی آنگن واڑی ورکرس پر پولیس لاٹھی چارج کی مذمت

   

سینئر کانگریس قائد محمد علی شبیر نے احتجاج میں حصہ لیا

حیدرآباد۔/20 ستمبر، ( سیاست نیوز) سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے آنگن واڑی ورکرس پر پولیس لاٹھی چارج کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ کاماریڈی کلکٹریٹ کے روبرو احتجاج کرنے والے آنگن واڑی ورکرس پر مرد پولیس ملازمین نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی ہے۔ محمد علی شبیر نے آنگن واڑی ورکرس کے احتجاج میں شرکت کرتے ہوئے مطالبات کی تائید کی۔ انہوں نے انسانی حقوق کمیشن اور اسٹیٹ ویمنس کمیشن سے ربط قائم کرتے ہوئے خاطی پولیس عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سماجی تنظیموں کے نمائندے اور آنگن واڑی ورکرس اقل ترین تنخواہوں، جاب سیکوریٹی اور حادثاتی انشورنس کا مطالبہ کرتے ہوئے پُرامن احتجاج کررہے تھے لیکن پولیس نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے احتجاج کو ناکام بنانے کی کوشش کی۔ کئی زخمی خواتین کو ہاسپٹل میں شریک کیاگیا۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ ریاست کے تمام اضلاع میں آنگن واڑی ورکرس کا احتجاج جاری ہے لیکن کے سی آر حکومت کو مسائل کے حل سے کوئی دلچسپی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی برسراقتدار آنے پر آنگن واڑی ورکرس کے مسائل کی یکسوئی کرے گی۔