احتجاجی مظاہرہ کے نام پر عوامی مقامات پر قبضہ نہیں کیا جا سکتا:سپریم کورٹ

   

نئی دہلی : سپریم کورٹ نے شاہین باغ مظاہرہ معاملے میں چہارشنبہ کو کہا کہ دھرنا اور مظاہرے کے نام پر عوامی مقامات اور سڑکوں پر غیر معینہ مدت کے لئے قبضہ نہیں کیا جا سکتا۔جسٹس سنجے کشن کول کی صدارت والی بینچ نے کہا کہ شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے ) کے خلاف بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے تھے ، راستے کو مظاہرین نے بلاک کیا تھا،جو غلط ہے کیونکہ کورٹ نے کہا کہ عوامی مقامات اور سڑکوں پر غیر معینہ مدت کے لئے قبضہ نہیں کیا جا سکتا۔عدالت نے کہا کہ سڑک پر آمدو رفت کا حق غیر معینہ مدت تک روکا نہیں جا سکتا۔ عدالت نے کہا کہ صرف نامزد علاقوں میں ہی احتجاجی مظاہرہ کیا جانا چاہئے ۔ بینچ نے کہا،‘‘عوامی میٹنگوں پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی ،لیکن انہیں نامزد علاقوں میں ہونا چاہئے ۔آئین احتجاجی مظاہرہ کا حق دیتا ہے لیکن اسے یکساں فرائض کے ساتھ جوڑا جانا چاہئے‘‘۔