مطالبات کی یکسوئی کا تیقن، 20 ستمبر کو دوبارہ ملاقات ہوگی
حیدرآباد۔/13 ستمبر، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے گذشتہ ایک ماہ سے احتجاج کرنے والے ولیج ریوینو اسسٹنٹس کے نمائندوں کو بات چیت کیلئے اسمبلی مدعو کیا۔ ’ چلو اسمبلی ‘ پروگرام میں کشیدگی اور لاٹھی چارج کے بعد نمائندوں کو اسمبلی طلب کیا گیا جہاں کے ٹی راما راؤ نے ولیج ریوینو اسسٹنٹس کے مسائل پر کمیٹی ہال میں سماعت کی۔ وی آر ایز کے 20 نمائندے بات چیت میں شریک رہے۔ انہوں نے پے اسکیل، اہلیت رکھنے والوں کو پرموشن، فوت ہونے والے وی آر ایز کے افراد خاندان کی امداد اور دیگر مسائل سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے 2018 میں وی آر ایز کو مطالبات کی یکسوئی کا تیقن دیا تھا۔ کے ٹی آر نے مزید بات چیت کیلئے 20 ستمبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔ احتجاجی نمائندوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ کے ٹی آر کی بات چیت سے مطمئن ہیں اور انہیں بھروسہ ہے کہ ان کے مسائل کے حل کیلئے حکومت سنجیدگی سے قدم اٹھائے گی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ میں قومی یکجہتی تقاریب کے انعقاد کے پیش نظر وہ دوبارہ بات چیت کریں گے۔ چیف سکریٹری سومیش کمار کو بھی وی آر ایز کے نمائندوں سے بات چیت کی ہدایت دی گئی ہے۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائدین آر یوگیندر گوڑ نے کہا کہ وی آر ایز طویل عرصہ سے پے اسکیل کا مطالبہ کررہے ہیں۔ 55 سال کی تکمیل کے بعد رضاکارانہ سبکدوشی کی صورت میں خاندان کے کسی فرد کو روزگار کی فراہمی کا تیقن دیا گیا تھا۔ چیف منسٹر نے اسمبلی میں مطالبات کی یکسوئی کا تیقن دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 41 دن سے بھوک ہڑتال جاری ہے۔ جے اے سی نے انتباہ دیا کہ اگر کے ٹی آر کے وعدہ کے مطابق مطالبات حل نہیں کئے گئے تو پرگتی بھون کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ر