نئی دہلی : مرکزی حکومت نے کسانوں کو احتجاج ختم کرنے کیلئے راغب کرنے کی ایک اور کوشش کے طور پر جمعرات کو ایک اور مکتوب روانہ کرتے ہوئے زرعی قوانین کے مسئلہ پر دوستانہ ماحول میں حل تلاش کرنے کیلئے حکومت کے ساتھ بات چیت کرنے کی دعوت دی ہے۔ یہ مکتوب ایک ایسے وقت دیا گیا ہے جبکہ کسانوں نے ایک دن قبل ہی حکومت سے کہا تھا کہ وہ بے معنی ترمیمات کی بات کرنے کا سلسلہ ختم کرے اور اس مسئلہ کے حل کیلئے ٹھوس تجویز پیش کرے۔ میڈیا کے مطابق یہ مکتوب سنکیوت کسان مورچہ کے نام بھیجا گیا جو کسانوں کی 40 یونینوں کی مجلس ہے۔ مرکز نے اپنے مکتوب میں لکھا ہے کہ وہ تمام کسانوں کے ساتھ مذاکرات کرنا چاہتی ہے اور اس کے دروازے کھلے ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اس کی ذمہ داری ہے کہ تمام کی بات کی سماعت کو یقینی بنائے۔ مرکز نے تمام اُمور پر پہلے ہی تحریری تیقن دیا ہے۔