نئی دہلی :کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) کے سینئر لیڈر اور اکھل بھارتیہ کسان سبھا کے جنرل سکریٹری اتل کمار انجان نے ہریانہ میں 100 سے زیادہ کسان لیڈروں کی گرفتاری کی سخت مذمت کرتے ہوئے چہارشنبہ کو کہاکہ مودی حکومت کل سے شروع ہورہی کسانوں کی تحریک کو دبانے کے لئے جابرانہ پالیسی اختیارکررہی ہے ۔ انجان نے آج یہاں ایک بیان میں کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور اس کی ریاستی حکومتیں جابرانہ پالیسیوں سے ملک کی 400کسان تنظیموں کی 6-27نومبر سے شروع ہونے والی ملک گیر کسان۔مزدور جدوجہد کو دبانے میں مصروف ہوگئی ہے۔انہوں نے کہاکہ اکھل بھارتیہ کسان سنگھرش کوآرڈی نیشن کمیٹی اور دیگر فیڈریشن کی اپیل پر 26نومبر کو ملک کے ‘مزدوروں کی ملک گیر ہڑتال’ کے ساتھ ‘گرامین بھارت بند’ کئی ریاستوں میں منعقد ہورہا ہے ۔