چیف منسٹر کیرالا کی آئشی گھوش سے دہلی میں ملاقات ،فیس میں اضافہ اور سی اے اے کیخلاف احتجاج کی تائید
تروننتا پورم ۔ /11 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر کیرالا پینارائی وجین نے جواہر لال نہرواسٹوڈنٹس یونین کی صدر آئشی گھوش سے کہا کہ فیس میں اضافہ اور شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج میں سارا ملک طلبہ کے ساتھ ہے ۔ چیف منسٹر وجین نے نئی دہلی کے کیرالا ہاؤز میں آئشی سے ملاقات کی اور ان کے احتجاج میں اظہار یگانگت کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے سوھانوادیشپانڈے کی کتاب ’’ ہلابول‘‘ کا انہیں تحفہ بھی دیا جو صفدر ہاشمی کی موت اور زندگی پر تحریر کی گئی ہے ۔ آئشی 5 جنوری کو جواہر لال نہرو یونیورسٹی کیمپس میں نقاب پوش افراد کے حملہ میں زخمی ہوگئی ہیں اور ان کے سر پر گہرا زخم آیا ہے ۔ چیف منسٹر کیرالا نے اس موقع پر آئشی کی مزاج پرسی کی اور کہا کہ انصاف کیلئے جدوجہد میں سارا ملک جواہر لال نہرو یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر کوئی طلباء کے احتجاج سے واقف ہے اور انصاف کے لئے لڑائی میں آئشی کے ساتھ کیا ہوا ہر کوئی وہ بھی جانتا ہے ۔ اپنے فیس بک پوسٹ میں سی پی آئی ایم کے سینئر قائد نے لکھا ہے کہ جے این یو کے طلباء سنگھ پریوار کے خلاف ’’بڑی جنگ‘‘ لڑرہے ہیں ۔ ’’سنگھ پریوار طاقت کے استعمال کے ذریعہ جے این یو سے اٹھنے والی ناراضگی کی آوازوں پر قابو پانے کی توقع کررہا ہے لیکن جے این یو نے ان کے خلاف اپنی جدوجہد میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا ہے ۔ وجین نے کہا کہ آئشی زخمی سر کے ساتھ اس لڑائی کی قیادت کررہی ہیں ۔ وجین سے ملاقات کے بعد آئشی نے کیرالا کے عوام سے اظہار تشکر کیا جو اس جدوجہد میں جے این یو کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ آئشی ایمس میں طبی معائنہ کے بعد کیرالا ہاؤز پہنچیں تھیں ۔