احتجاج کرنے والے 100 ایرانی رہنما پولیس حراست میں

   

دبئی۔23 نومبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایرانی پولیس نے ملک میں حکومت مخالف مظاہروں کے خلاف کریک ڈائون کے دوران احتجاج کرنے والے 100 سرکردہ لیڈروں کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔ایرانی عدلیہ کے ترجمان نے ٹویٹر پر کہا کہ ایران کے سپاہ پاسداران انقلاب نے ملک بھر میں 100 مظاہرین لیڈروں کو گرفتار کیا ہے۔’ایران انٹرنیشنل عربیبک‘ چینل کے مطابق جمعہ کے روز سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنی ای کے مندوب اور تہران کی جامع مسجد کے خطیب احمد خاتمی نے کہا ہے کہ پر امن احتجاج ہر ایک کا حق ہے اور کسی کو پرامن احتجاج سے نہیں روکا گیا۔ انہوں نے مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال کی تردید کی اور کہا کہ مظاہرین کی آڑ میں ان کی صفوں میں موجود شرپسندوں کے خلاف کارروائی کی گئی جو احتجاج کی گاڑی میں سوار ہو کرملک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔