احتجاج کے دوران تشدد کی مذمت : جو بیڈن کا بیان

   

نیویارک 31 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ میں ڈیموکریٹک پارٹی کے امکانی صدارتی امیدوار جو بیڈن نے سیاہ فام باشندہ جارج فلائیڈ کی موت کے خلاف جاری احتجاج کے دوران تشدد کی مذمت کی ہے ۔ انہوں نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے فلائیڈ کی موت پر احتجاج کی حمایت کی ہے تاہم انہوں نے کہا کہ احتجاج پر تشدد کو قبضہ کرلینے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے ۔ تشدد سے احتجاج کی وجہ ختم ہوجاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہئے کہ وہ اپنے احتجاج کے واجبی مقصد کو برقرار رکھیں۔ منیا پولیس میں نفاذ قانون کی ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ وہ احتجاج پر فی الحال قابو پانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ یہاں کئی دن سے احتجاج چل رہا تھا ۔ شہر میں سرکاری دستور اور نیشنل گارڈ کے ارکان کو بھی متعین کردیا گیا ہے اور انہوں نے احتجاج پر قابو اپنے میں تین دن تک جدوجہد کی ہے ۔ یہاں رات کے وقت کرفیو نافذ کردیا جا رہا ہے ۔ نیشنل گارڈز کی جانب سے احتجاجیو ںپر قابو اپنے کیلئے آنسو گیس کے شیلس برسائے گئے ‘ ربر کی گولیاں داغی گئیں۔ منیا پولیس میں 4000 نیشنل گارڈ کو متعین کیا گیا تھا تاہم تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے اور یہ تعداد 11 ہزار تک پہونچ سکتی ہے ۔