وزیر داخلہ محمد محمود علی اور ڈی جی پی مہیندر ریڈی کو کارروائی کرنے کی ہدایت: کے ٹی آر
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے احتجاج کے دوران موٹر سیکل ( بائیک ) اور گیس سیلنڈر کو ٹینک بینڈ میں پھینکنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے ایک ٹوئیٹ کیا ساتھ ہی وزیر داخلہ محمد محمود علی اور ڈی جی پی ایم مہیندر ریڈی کو ٹیاگ کرتے ہوئے ان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج جمہوری حق ہے ۔ عوامی مسائل پر احتجاج کرنا چاہئے تاکہ مسائل کو حکومت سے رجوع کیا جاسکے ۔ مگر احتجاج کے دوران جو غیر ذمہ دارانہ مظاہرہ کیا جارہا ہے وہ قابل اعتراض ہے جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں ۔ احتجاج کے دوران موٹر بائیک اور گیس سیلنڈر کو پانی میں پھینکنا ٹھیک نہیں ہے ۔ حال ہی میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف کانگریس پارٹی نے احتجاج کیا تھا یوتھ کانگریس کے قائدین نے انوکھا احتجاج کرتے ہوئے بائیک کو حسین ساگر ( ٹینک بینڈ ) میں پھینک دیا تھا ۔ پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف کمیونسٹ جماعتوں کی محاذی تنظیموں کی خواتین نے احتجاج کرتے ہوئے پکوان گیس کے خالی سیلنڈر کو ٹینک بینڈ میں پھینک دیا تھا جس کی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے سخت مذمت کی ہے ۔۔