حکومت امدادی پیکیج کا اعلان کرے، اتم کمار ریڈی کا مطالبہ
حیدرآباد: صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کہا کہ اگر حکومت احتیاطی تدابیر اختیار کرتی تو بارش کے نتیجہ میں نقصانات کو کم کیا جاسکتا تھا ۔ انہوں نے حکومت پر احتیاطی تدابیر میں کوتاہی کا الزام عائد کیا اور کہا کہ حیدرآباد کے بشمول کئی علاقے بارش کی زد میں ہیں ۔ نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوچکا ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ نشیبی علاقوں سے عوام کا بروقت تخلیہ کرتے ہوئے انسانی جانوں کے نقصان کو کم کیا جاسکتا تھا ۔ حکومت کو چاہئے تھا کہ وہ عوام کو بارش کے بارے میں پہلے سے چوکس کرتی۔ ریاست میں تقریباً ایک صدی کے بعد اس قدر بارش ہوئی ہے۔ صدر پردیش کانگریس نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مختلف محکمہ جات بالخصوص میونسپل ، الیکٹرسٹی ، واٹر ورکس ، اریگیشن اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے درمیان بہتر تال میل کے ذریعہ متاثرہ خاندانوں کو فوری راحت پہنچائی جائے۔ انہوں نے شہر اور اضلاع میں بارش کے نتیجہ میں ہوئی اموات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس قائدین اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں امدادی کاموں کا آغاز کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شہر کی ترقی کے لئے 69 ہزار کروڑ خرچ کرنے کا دعویٰ کرتی ہے لیکن بارش کے نتیجہ میں حکومت کے دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے۔ انہوں نے سوال کیا کہ یہ رقم آخر کہاں خرچ کی گئی ۔ اتم کمار ریڈی نے فصلوں کے نقصان پر کسانوں کو معاوضہ کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے عہدیداروں کی ٹیم اضلاع کو روانہ کی جائے۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے کسانوں کیلئے امدادی پیکیج کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ریاست میں کسان پہلے ہی مسائل کا شکار ہیں۔ فصلوں کی اقل ترین امدادی قیمت سے محرومی کے بعد بارش نے مزید تباہی مچائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس لاک ڈاؤن کے دوران کانگریس میں مائیگرنٹ ورکرس کی مدد کی تھی، اسی طرح بارشی سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کی جائے ۔