ماسک کا استعمال لازمی کرنے ڈائرکٹر پبلک ہیلت سرینواس راؤ کا مشورہ
حیدرآباد: ڈائرکٹر ہیلت ڈاکٹر جی سرینواس راؤ نے واضح کیا کہ صرف حکومت کورونا وباء سے عوام کی حفاظت کی ضمانت نہیں دے سکتی۔ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ہر شخص کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ علاج سے بہتر احتیاطی تدابیر کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی لہر کے مقابلہ دوسری لہر اس لئے بھی زیادہ خطرناک ہے کہ اس میں علامات کے بغیر کیسس منظر عام پر آرہے ہیں۔ عوام کو سمجھنا چاہئے کہ غیر علامتی مریضوں سے وائرس دوسروں میں بآسانی پھیل سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دوسری لہر میں اموات کی تعداد زیادہ دیکھی جارہی ہے ۔ پہلی لہر میں جو افراد محفوظ تھے، ان کے لئے دوسری لہر خطرہ کی گھنٹی ہے۔ سرینواس راؤ نے کہا کہ متاثرین کی تعداد میں اضافہ کے علاوہ گزشتہ سال کے مقابلہ زائد اموات تشویش کا باعث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسری لہر میں اوسط اور دولتمند افراد زیادہ متاثر پائے گئے۔ حکومت کی جانب سے کورونا قواعد پر سختی سے عمل آوری کیلئے شعور بیداری کا کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پرہجوم مقامات پر ماسک کے بغیر جانا وائرس کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ سرینواس راؤ نے ماسک اور سماجی فاصلہ کو برقرار رکھنے کی پرزور وکالت کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 80 فیصد سے زائد کورونا کے مریض ایسے ہیں جن میں کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئی ہیں۔ ایسے مریض دوسروں میں بآسانی وائرس کو پھیلا سکتے ہیں۔