احتیاطی تدابیر کے ذریعہ کورونا وائرس سے بچائو ممکن

   

سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا کا حلقہ انتخاب مدیرا کے علاقوں کا دورہ
حیدرآباد۔ 27 مارچ (سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے آج کھمم ضلع کے مدیرا اسمبلی حلقہ میں عوام کے درمیان نکل کر لاک ڈائون کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے زرعی مارکٹ یارڈ کا دورہ کرتے ہوئے کسانوں سے ملاقات کی۔ زرعی پیداوار کی حکومت کی جانب سے خریدی اور کسانوں کو مناسب معاوضے کے سلسلہ میں بھٹی وکرامارکا نے معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے اشیائے ضروریہ اور سبزیوں کی فروخت کا جائزہ لیا اور تاجروں سے خواہش کی کہ وہ زائد قیمت پر فروخت سے گریز کریں۔ بھٹی وکرامارکا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس کے بارے میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ایک دوسرے کے درمیان سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے۔ سی ایل پی لیڈر نے عوام سے اپیل کی کہ حکومت کی جانب سے عائد کردہ تحدیدات پر سختی سے عمل کریں۔ غیر ضروری سڑکوں پر نکلنے کے بجائے عوام کو گھروں تک محدود رہنا چاہئے۔ ہجوم کے مقامات سے وائرس کے پھیلنے کا خطرہ لاحق ہوتا ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے سینیٹائزر کے استعمال اور صحت و صفائی پر توجہ دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے تحصیلدار دفتر میں ایم آر او اور دیگر عہدیداروں سے لاک ڈائون کے دوران عوام کو دی جانے والی سہولتوں سے متعلق دریافت کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی شہری اور دیہی علاقوں میں عوام کو سینیٹائزرس مفت سربراہ کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اس سلسلہ میں فارما کمپنیوں سے بات چیت کی گئی۔ پلاسٹک بوتلوں کی تیاری کے آغاز کے بعد سینیٹائزر کی تقسیم عمل میں آئے گی۔