احتیاطی گرفتاریوں کے باوجود چلو ٹینک بنڈ پروگرام کامیاب رہیگا

   

تلنگانہ میں بلیک میل سیاست پر کے سی آر عمل پیرا، کانگریس رکن جگا ریڈی کا الزام
حیدرآباد۔ 8 نومبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگاریڈی نے دعوی کیا کہ آر ٹی سی جے اے سی کی اپیل پر چلو ٹینک بنڈ پروگرام پولیس کی پابندیوں کے باوجود کامیاب رہے گا۔ میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے جگاریڈی نے کہا کہ جس طرح تلنگانہ تحریک کے دوران ملین مارچ کامیاب ہوا تھا اسی طرح آر ٹی سی جے اے سی کا پروگرام بھی کامیاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قائدین کی احتیاطی گرفتاریوں سے پروگرام پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ جگاریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آر ٹی سی ملازمین کے مطالبات کی یکسوئی کے لیے احتجاج پروگرام میں حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ احتیاطی گرفتاریوں کے پولیس ریاست میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ ہزاروں کی تعداد میں عوام کی شرکت کو پولیس کس طرح ناکام بناسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کو پولیس کے ذریعہ کچلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جگاریڈی نے کہا کہ آر ٹی سی ہڑتال سے نمٹنے کا کے سی آر کا طریقہ کار غیر جمہوری ہے۔ عدالت کے احکامات کو نظرانداز کرتے ہوئے کے سی آر ملازمین سے بات چیت کے لیے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخالف حکومت آوازوں کو دبایا نہیں جاسکتا اور احتجاج میں مزید شدت پیدا ہوگی۔ جگاریڈی نے پولیس عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ احتیاطی گرفتاریوں کے سلسلہ میں حکومت کے دبائو کا شکار نہ ہوں۔ کیوں کہ کے سی آر کے خاندان کی حکمرانی ہمیشہ نہیں رہے گی۔ کانگریس یا بی جے پی برسر اقتدار آئے تو یکطرفہ کارروائی کرنے والے پولیس عہدیداروں کے لیے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ جگاریڈی نے امید ظاہر کی کہ آر ٹی سی ملازمین کو عدلیہ سے انصاف حاصل ہوگا کیوں کہ حکومت مذاکرات کے لیے بھی تیار نہیں ہے۔ کانگریس رکن اسمبلی نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد سے ریاست میں بلیک میل سیاست پر عمل کیا جارہا ہے۔ اپوزیشن کے خلاف چن چن کر حکومت کارروائی کررہی ہے۔