حیدرآباد۔ 25 مارچ (سیاست نیوز) وزیر پنچایت راج ای دیاکر رائو نے عوام کو اگادی کی مبارکباد پیش کی اور اپیل کی کہ وہ اس تہوار کو اپنے گھروں میں محدود رہ کر منائیں۔ دیاکر رائو نے کہا کہ کورونا وائرس کے خطرے سے نمٹنے کے لیے ملک بھر میں جو اقدامات کئے جارہے ہیں ان کی پابندی کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ تہوار یقیناً خوشی کا موقع ہے لیکن اگادی موجود حالات میں اجتماعی طور پر نہیں منائی جاسکتی۔ سرکاری سطح پر اگادی اور سری رام نومی تقاریب منسوخ کردی گئی ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے عوام کو اپنے بچائو کے لیے گھروں میں محفوظ رہنے کی صلاح دی ہے۔ دیاکر رائو نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کے لیے ابھی تک دوا ایجاد نہیں ہوئی اور صرف احتیاطی تدابیر کے ذریعہ وائرس کے پھیلائو کو روکا جاسکتا ہے۔ جن ممالک نے احتیاطی قدم نہیں اٹھائے وہاں بڑے پیمانے پر ہلاکتیں واقع ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طویل تحدیدات کو بوجھ تصور کرنے کے بجائے عوام صبر و تحمل کے ساتھ حالات کا سامنا کریں۔ اپنے بچائو کے ساتھ ہم ریاست اور ملک کا تحفظ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطرہ ٹل جانے تک ہمیں چوکسی برقرار رکھنی ہوگی۔ عوام کو چاہئے کہ وہ حکومت سے مکمل تعاون کریں۔ دیاکر رائو نے کہا کہ حکومت کی تحدیدات کا مقصد عوام کو زحمت میں مبتلا کرنا ضروری نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومت سے تعاون کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں اور محکمہ صحت کی جانب سے جاری کی جانے والی ہدایات پر عمل کیا گیا۔
