احسان مانی کا ششانک منوہر سے اظہار تشکر

   

دبئی ۔15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پی سی بی چیئرمین احسان مانی نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ دونوں کرکٹ بورڈ کھیل اور کرکٹ کھیلنے والی بافخر قوموں کے مفاد میں ایک معاہدے پر متفق ہو گئے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز کے انعقاد کے لیے بنگلہ دیش کو راضی کرنے میں مثبت کردار ادا کرنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیئرمین ششانک منوہر کا شکریہ بھی ادا کیا۔ آئی سی سی ہیڈ کوارٹر میں ملاقات میں شرکت کرنے والے پی سی بی چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ یہ دونوں کرکٹ بورڈز کی کامیابی ہے، مجھے خوشی ہے کہ سیریز کے حوالے سے غیریقینی صورتحال کا خاتمہ ہوا اور اب ہم میچز کے بہترین انعقاد کے حوالے سے منصوبہ بندی کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش تین مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گا جس سے انہیں یہ یقین ہو جائے گا کہ پاکستان کرکٹ کھیلنے والے دیگر ملکوں کی طرح محفوظ ملک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تین مقامات پر میچز کے انعقاد سے شائقین کرکٹ کو اپنے پسندیدہ کرکٹ اسٹارز کو راست ایکشن میں دیکھنے کا موقع مل سکے گا۔