احمدآباد طیارہ حادثہ میں 47 مہلوکین کی ہوئی شناخت

   

بیشتر نعشیںورثاکے حوالے‘ ڈی این اے جانچ کا عمل جاری

احمد آباد۔15؍جون ( ایجنسیز )احمد آباد ایئر انڈیا طیارہ حادثہ میں ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت کا عمل مسلسل جاری ہے۔ ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے ہلاک ہونے والوں کی شناخت ان کے ڈی این اے نمونوں کو ان کے اہل خانہ کے نمونوں سے ملا کر کی جا رہی ہے۔ اب تک 47 نعشوں کی شناخت ہو چکی ہے جن میں سے بیشتر نعشیں متعلقہ رشتہ داروں اور لواحقین کے حوالے کی جا چکی ہیں۔ باقی نعشوں کو حوالے کرنے کا عمل جاری ہے۔گجرات کے سابق وزیراعلیٰ وجے روپانی کا ڈی ین اے میچ ہوگیا ہے۔وہیں اس حادثے میں زخمی ہونے والے 13 افراد کا علاج جاری ہے۔ڈاکٹر رجنیش پٹیل نے مزید بتایا کہ اب تک 31 نعشوں کا ڈی این اے ملایا جاچکا ہے۔ 14 نعشیں ان کے لواحقین کو سونپ دی گئی ہیں باقی نعشوں کے لواحقین کے ہاسپٹل آنے اور اپنے پیاروں کی باقیات وصول کرنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔احمد آباد ہوائی حادثے میں وڈودرہ کی انجو شرما کی بھی موت ہوئی ہے۔ انجو شرما کا حادثہ والے دن دوپہر 1.05 بجے کا آخری ویڈیوا سٹیٹس آیا تھا۔ انجو شرما لندن میں اپنی بڑی بیٹی نِمی شرما اور ان کے خاندان سے ملنے جا رہی تھیں۔ وہ وڈودرہ میں اپنی چھوٹی بیٹی ہنی شرما کے ساتھ رہتی تھیں۔نِمی نے بتایا کہ ماں کو لندن آنا تھا لیکن ہمیں وڈودرہ آنا پڑا۔ انہوں نے مزید کہاکہ ایئر انڈیا کی فلائٹ میں حفاظتی انتظامات بہت خراب ہیں۔ مجھے بھی دو بار ایئر انڈیا کی فلائٹ میں خراب تجربہ ہوا ہے۔ میں اپنی زندگی میں کبھی ایئر انڈیا کی فلائٹ میں نہیں بیٹھوں گی۔ میں کسی کو بھی اس کی سفارش نہیں کروں گی۔اس سے پہلے ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر راکیش جوشی نے بتایا کہ مہلوکین کی نعشیں رشتہ داروں کو حوالے کرنے کا عمل جاری ہے اور ریاستی حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
راکیش جوشی نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ہاسپٹل میں 250 سے زائد ڈاکٹروں، نرسوں، پیرا میڈیکل اسٹاف اور رضاکاروں کی ٹیم نے فوری طور پر ریلیف اور علاج کا انتظام سنبھالا جس کی بدولت کئی زندگیاں بچائی جا سکیں۔طیارہ حادثے کے بعد شہر کے سیول ہاسپٹل میں متاثرہ مسافروں اور ان کے رشتہ داروں کی مدد کے لیے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔ ہاسپٹل انتظامیہ نے امداد کے لیے 10 مخصوص نمبر جاری کیے ہیں:9429915911، 9429916096، 9429916118، 9429916378، 9429916608، 9429916622، 9429916682، 9429916758، 9429916771 اور 9429916875۔رشتہ داروں کو ہاسپٹل کے ڈی 2 بلاک میں واقع کنٹرول روم سے ذاتی طور پر رابطہ کرنا ہوگا۔ کسی مسئلے کی صورت میں اسی موبائل نمبر سے کال کی جا سکتی ہے جس سے پہلے رابطہ کیا گیا ہو۔