احمدآباد میں ایئر انڈیا کا حادثہ دانستہ کیا گیا:رپورٹ

   

روم، 13 فبروری (ایجنسیز) اٹلی کے روزنامہ کوریری ڈیلا سیرا نے نئی دہلی اور واشنگٹن کے درمیان سرکاری سطح پر حالیہ بات چیت سے واقف دو ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ احمد آباد میں ایئر انڈیا کی فلائٹ 171 کے گزشتہ سال کے حادثے کی تحقیقات کرنے والے تفتیش کاروں نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ یہ تباہی تکنیکی خرابی کی وجہ سے نہیں ہوئی بلکہ یہ ’’دانستہ عمل‘‘ کا نتیجہ تھی۔ تاہم اطالوی اخبار کا بیانیہ نامعلوم ذرائع اور ابتدائی نوعیت کی باتوں پر مبنی ہے جبکہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سیول ایوی ایشن نے ابھی تک اپنی قطعی رپورٹ جاری نہیں کی ہے۔ اطالوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی تفتیش کاروں نے اس بات کا تعین کیا ہے کہ جون 2025 کا حادثہ، انجن میں ایندھن کی سپلائی کٹ جانے سے ہوا لیکن یہ کوئی میکانیکی خرابی سے نہیں بلکہ دانستہ حرکت سے ہوا، اور حکام اب اپنی قطعی رپورٹ تیار کر رہے ہیں۔ بوئنگ 787 ڈریم لائنر، جو ایئر انڈیا کے ذریعے چلایا جاتا ہے، احمد آباد ہوائی اڈے سے اڑان بھرا تھا اور کچھ ہی سکنڈ بعد گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارہ میڈیکل اسٹوڈنٹس کے ہاسٹل میں گرا اور مجموعی طور پر مسافروں اور دیگر افراد سمیت اس واقعہ میں 260 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ صرف ایک مسافر زندہ بچ گیا۔اخبار نے مزید کہا کہ تحقیقات میں مدد کرنے والے امریکی ماہرین نے نتائج کو ’’اہم پیش رفت‘‘ قرار دیا ہے۔