احمدالشرع کو عبوری دور کا صدر اعلان کردیا گیا : شام

   

دمشق : شام میں نئی حکومت کے سربراہ احمد الشرع کو عبوری دور کا صدر اعلان کر دیا گیا ہے۔شام کی خبر رساں ایجنسی ‘سانا’ کے مطابق الشرع ، وزیر خارجہ اسد حسن شیبانی اور ملک میں فوجی گروپوں کے نمائندوں کی شرکت سے “فتح کانفرنس” منعقد کی گئی۔کانفرنس سے خطاب میں الشرع نے کہاہے کہ “اللہ کی مدد سے ہم نے زنجیریں توڑ ڈالیں، مظلوموں کو آزاد کرا لیا اور (دارالحکومت) دمشق سے ذلت و خواری کی گرد جھاڑ دی ہے۔ شام کا سورج دوبارہ طلوع ہو گیا ہے”۔شرع نے کہا ہے کہ “اس وقت شام کی ترجیحات اقتدار کا خلا پْر کرنا، داخلی امن کو برقرار رکھنا، ریاستی اداروں کی تعمیر کرنا، معاشی ترقی کی بنیاد رکھنا اور شام کی بین الاقوامی و علاقائی ساکھ کو دوبارہ تعمیر کرنا ہے”۔شیبانی نے بھی کانفرنس سے خطاب میں کہا ہیکہ ہم نے ایک ایسی شناخت پیش کی ہے جو شامی عوام کی توقعات کی عکاس ہے اور ہم اس شامی شناخت کی تشکیل میں کامیاب رہے ہیں۔شیبانی نے زور دے کر کہا ہے کہ شام کی خارجہ پالیسی کا بنیادی مقصد، باہمی تعاون، احترام اور حکمت عملی اشتراک کی بنیاد پر، علاقائی و بین الاقوامی ماحول کی تشکیل میں حصہ لینا ہے۔کانفرنس کے اختتام پر فوجی آپریشنوں کے انتظامی ترجمان کرنل حسن عبدالغنی نے اعلامیہ جاری کیا ہے۔عبدالغنی نے کہا ہے کہ ہم نے شرع کو عبوری دور کے لیے شام کا صدر نامزد کر دیا ہے اور وہ بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کریں گے۔