احمدیہ فرقہ کو اپنی ویب سائیٹ بند کرنے پاکستان کا انتباہ

   

اسلام آباد : پاکستان نے امریکہ سے چلائی جانے والی احمدیہ فرقہ کی اس ویب سائٹ کو بند کرنے کا حکم جاری کر دیا، جو اس مذہبی اقلیت کی تعلیمات کی تبلیغ کرتی ہے۔ پاکستان نے الزام عائد کیا ہے کہ اس ویب سائٹ پر ’توہین آمیز‘ مواد موجود ہے۔جماعت احمدیہ کی ویب سائٹ Trueislam.com

کے منتظم حارث ظفر نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا ہے کہ پاکستان کی ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے اس ماہ کے آغاز پر انہیں اور ان کے ساتھی امجد محمود خان کو ایک قانونی نوٹس ارسال کیا تھا، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ اس ویب سائٹ کو بند کر دیا جائے۔ اس ویب سائٹ کے منتظیمین حارث اور امجد دونوں ہی امریکہ میں مقیم ہیں اور ان کے رشتہ دار پاکستان میں رہتے ہیں۔حارث نے کہا ہے کہ پاکستانی حکام کی طرف سے اس ویب سائٹ کو بند کرنے کا مطالبہ مذہبی آزادی اور آزادی رائے کے خلاف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ویب سائٹ پر موجود تمام مواد امریکہ سے متعلق ہے اور اس ویب سائٹ پر پاکستان سے متعلق کوئی مواد موجود نہیں ہے۔ پاکستان سے اس ویب سائٹ تک رسائی بھی حاصل نہیں کی جا سکتی ہے۔