بین وزارتی مرکزی ٹیموں کی تشکیل ، ہاٹ اسپاٹس والے اضلاع کا برسرموقع جائزہ لیا جائے گا ، وزارت داخلہ کا بیان
نئی دہلی ۔ /24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مرکز نے جمعہ کو کہا کہ کورونا وائرس کی صورتحال بالخصوص بڑے اور ابھرتے ہاٹ اسپاٹ علاقوں بشمول احمد آباد ، سورت ، حیدرآباد اور چینائی میں سنگین ہے ۔ وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا کہ ملک کے بعض حصوں میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزیوں کی اطلاعات ملی ہیں جو عوام کیلئے صحت کا سنگین مسئلہ پیدا کرتی ہے اور اس سے کووڈ۔19 کا مزید پھیلاؤ ہوسکتا ہے ۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہاٹ اسپاٹ والے بڑے اضلاع یا ابھرتے ہاٹ اسپاٹس جیسے احمد آباد اور سورت (گجرات) ، تھانے (مہاراشٹرا) ، حیدرآباد (تلنگانہ) اور چینائی (ٹاملناڈ) کی صورتحال بطور خاص سنگین معلوم ہورہی ہے ۔ مرکزی حکومت پہلے ہی 10 بین وزارتی مرکزی ٹیمیں تشکیل دے چکی ہیں جو ملک کے کووڈ۔ 19 ہاٹ اسپاٹ ڈسٹرکٹس کا وہاں پہونچ کر جائزہ لیں گی ۔ ان میں سے 5 ٹیمیں احمد آباد ، سورت ، تھانے ، حیدرآباد اور چینائی میں انسپکشن کررہی ہیں ۔ پہلے جو ٹیمیں تشکیل دی گئیں وہ ممبئی ، پونے (مہاراشٹرا) ، اندور (مدھیہ پردیش) ، جئے پور (راجستھان) اور مغربی بنگال (ایک ٹیم برائے کولکتہ اور پڑوسی اضلاع اور دیگر ٹیم برائے شمالی بنگال) میں صورتحال کا جائزہ لے رہی ہیں ۔ وزارت نے کہا کہ ملک کے بعض اضلاع نے لاک ڈاؤن کے قواعد کی متعدد خلاف ورزیاں ہوئی ہیں جو عوام کے مفاد میں نہیں ہے ۔ ان خلاف ورزیوں میں اگلے محاذ پر مصروف کار ہیلت کیر پروفیشنلس پر تشدد سے لیکر پولیس عملہ پر حملے جیسے واقعات شامل ہیں ۔ بازاروں میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے اصول کئی جگہ توڑے جارہے ہیں ۔ کورنٹائن سنٹرس قائم کرنے میں بھی کئی جگہوں پر لوگ مزاحم ہورہے ہیں ۔ وزارت نے کہا کہ اس طرح کے واقعات پر یونہی خاموشی اختیار کی جائے تو ہاٹ اسپاٹ اضلاع کی تعداد بڑھتی جائے گی اور وباء پر قابو پانا مشکل سے مشکل تر ہوتا جائے گا ۔ یہ سارے ملک کی آبادی کیلئے صحت کا سنگین چیلنج ہے ۔ مرکزی ٹیمیں اپنی ماہرانہ علمیت کو بروئے کار لاتے ہوئے سنگین متاثرہ علاقوں میں بہتری لانے کیلئے اقدامات تجویز کریں گے ۔ یہ ٹیمیں ہر جگہ بہ نفس نفیس پہونچ کر صورتحال کا جائزہ لے رہی ہیں ۔