احمد آباد طیارہ حادثہ: بلیک باکس کا ڈیٹا کامیابی سے محفوظ

   

احمد آباد: 26جون (یو این آئی) احمدآباد میں 12 جون کو پیش آنے والے ایئر انڈیا کے طیارہ حادثے کی تفتیش میں اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ حادثے کے فوراً بعد تحقیقات شروع کی گئی تھیں اور جلد ہی تحقیقاتی ٹیم کو حادثے کے شکار طیارے کا بلیک باکس بھی مل گیا تھا، جس کی جانچ کئی دنوں سے جاری تھی۔ اب اس بلیک باکس کی جانچ میں فیصلہ کن پیش رفت ہوئی ہے، جس سے حادثے کی اصل وجوہات سامنے آنے کی امید بڑھ گئی ہے۔آئی اے این ایس نے ذرائع کے حوالہ سے بتایا ہے کہ 24 جون کو تحقیقاتی ٹیم نے بلیک باکس کے کرش پروٹیکشن ماڈیول (سی پی ایم) کو بحفاظت نکال لیا تھا۔ اگلے ہی روز، یعنی 25 جون کو اس کا میموری ماڈیول کامیابی سے ایکسیس کر لیا گیا اور اس میں موجود مکمل ڈیٹا دہلی میں واقع ائیرکرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹیگیشن بیورو (اے اے آئی بی) کی لیبارٹری میں ڈاؤن لوڈ کر لیا گیا۔ اب ماہرین اس ڈیٹا کا تفصیلی تجزیہ کر رہے ہیں تاکہ یہ سمجھا جا سکے کہ پرواز کے دوران کیا کچھ پیش آیا، پائلٹس نے کیا ردعمل دیا اور تکنیکی نظام نے کس طرح کام کیا۔