احمد آباد میں ’’ہائوڈی۔مودی ‘‘طرز پر ٹرمپ اور مودی کا روڈ شو

   

احمدآباد۔ 12 فروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اپنے دورۂ ہند کے موقع پر احمد آباد میں ایک عظیم الشان روڈ شو میں شرکت کریں گے۔ علاوہ ازیں صدر موصوف گاندھی جی کے سابرمتی آشرم بھی جائیں گے اور ایک نو تعمیر شدہ کرکٹ اسٹیڈیم کا افتتاح بھی انجام دیں گے۔ اس وقت ان کے ساتھ وزیراعظم نریندر مودی بھی ہوں گے۔ بتایا جارہا ہے کہ جس طرح امریکہ میں ’’ہائوڈی۔مودی‘‘ کے عنوان سے ایک عظیم الشان جلسہ میں مودی نے شرکت کی تھی جس کا اہتمام امریکہ میں موجود ہندوستانی نژاد امریکیوں نے کیا تھا بالکل اسی طرز پر احمد آباد میں بھی ایک جلسہ کا اہتمام کیا جائے گا۔ امریکی صدر ٹرمپ کو قبل ازیں ہندوستان کے یوم جمہوریہ یعنی 26 جنوری کے موقع پر بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا تھا لیکن اپنی بے پناہ مصروفیت کی وجہ سے انہوں نے شرکت سے معذرت خواہی کرلی تھی۔