احمد مسعود پنج شیر میں مزاحمت جاری رکھنے پرعزم

   

کابل : افغانستان کے صوبے پنج شیر کو فتح کرنے کے طالبان کے دعوے کے باوجود مزاحمتی محاذ کے سربراہ احمد مسعود مزاحمت جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔وائس آف امریکہ کیلئے عائشہ تنظیم کی رپورٹ کے مطابق طالبان کا کہنا ہے وادء پنج شیر کیلئے زمینی راستہ اب کھل گیا ہے جہاں اب خوراک اور دیگر ضروری اشیا پہنچائی جا سکتی ہیں۔ البتہ بجلی، موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز جلد بحال ہو جائے گی۔طالبان کی جانب سے یہ اعلان وادء پنج شیر کا کنٹرول حاصل کرنے کے دعوے کے بعد کیا گیا تھا۔لیکن طالبان مخالف مزاحمتی محاذ کے سربراہ احمد مسعود نے اپنے فیس بک پیج پر ایک ایڈیو پیغام میں کہا ہیکہ ان کی فورسز اب بھی پنج شیر میں موجود ہیں جو طالبان سے لڑائی جاری رکھیں گی۔ اس سے قبل مزاحمتی محاذ کے حامی ٹوئٹر اکاؤنٹس سے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ ان کے جنگجو دوبارہ منظم ہونے کیلئے پہاڑوں کی طرف لوٹ رہے ہیں اور یہ لڑائی جاری رہے گی۔پیر کی شام ایک ٹوئٹ میں مزاحمتی محاذ کے حامی اکاؤنٹس سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہیکہ گزشتہ شب دشمن کے شدید حملے اور ختم ہوتے اسلحے کو دیکھتے ہوئے ہم نے سخت فیصلے کیے ہیں۔