حیدرآباد۔ گریٹر حیدرآباد کے احمد نگر بلدی ڈیویژن میں کانگریس امیدوار حمیرہ احمدی کی تائید میں جلسہ عام منعقد ہوا جس میں کانگریس قائدین نے عوام کو یقین دلایا کہ منتخب ہونے کے بعد علاقہ میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے حکومت سے موثر نمائندگی کی جائے گی۔ علاقہ کی ترقی کو طویل عرصہ سے نظرانداز کردیا گیا اور حکومت کی حلیف مقامی جماعت صرف ووٹ حاصل کرنے کیلئے رائے دہندوں کے درمیان دکھائی دیتی ہے منتخب ہونے کے بعد مقامی جماعت کے قائدین مسائل کی یکسوئی کیلئے دستیاب نہیں رہتے۔ نامپلی انچارج فیروز خاں نے ٹی آر ایس، مجلس اور بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ کانگریس کو کمزور کرنے کیلئے باہم مفاہمت کرچکے ہیں اور فرقہ وارانہ ایجنڈہ کے ذریعہ حیدرآباد کے پُرامن ماحول کو بگاڑنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کانگریس کے قائد مسعود احمد نے کہا کہ احمد نگر انتہائی پسماندہ ڈیویژن ہے جہاں بنیادی مسائل کی یکسوئی کو عوامی نمائندوں نے فراموش کردیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پدیاترا اور کارنر میٹنگس کے موقع پر امیدوار حمیرہ احمدی کو عوام کی تائید حاصل ہورہی ہے۔ یکم ڈسمبر کو رائے دہندوں کو چاہیئے کہ وہ کانگریس کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے علاقہ میں ترقی و تبدیلی کا آغاز کریں۔ کانگریس پارٹی قائدین روزانہ مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ربط قائم کررہے ہیں۔ عوام موجودہ عوامی نمائندوں کی کارکردگی سے مایوس ہوچکے ہیں۔