احمد پٹیل کے بیٹے کانگریس ہائی کمان کی سرد مہری سے مایوس، کہا-انتظار کرتے کرتے تھک گیا ہوں

   

کانگریس کے سینئر لیڈر اور سونیا گاندھی کے سیاسی مشیر مرحوم احمد پٹیل کے بیٹے فیصل پٹیل نے کانگریس چھوڑنے کا اشارہ دیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا اور لکھا کہ میں انتظار کرتے کرتے تھک گیا ہوں، اعلیٰ کمان کی طرف سے کوئی حوصلہ افزااشارہ نہیں مل رہا ہے، میں اپنے آپشنز کو کھلا رکھتا ہوں۔ قیاس آرائیاں یہ بھی ہیں کہ وہ عام آدمی پارٹی میں شامل ہو سکتے ہیں، کیونکہ گزشتہ سال اپریل میں فیصل نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال سے ملاقات بھی کی تھی۔بتا دیں کہ احمد پٹیل طویل علالت کے بعد نومبر 2020 میں انتقال کر گئے تھے۔ پٹیل کو سونیا گاندھی کے قریبی لیڈروں میں شمار کیا جاتا تھا۔ وہ سونیا گاندھی کے سیاسی مشیر بھی تھے۔ احمد پٹیل نے اپنے بیٹے فیصل اور بیٹی ممتاز کو سیاست سے دور رکھا، لیکن اب ان کے بیٹے اپنی خواہش کا اظہار کر رہے ہیں۔ وہیں چند روز قبل فیصل نے کہا تھا کہ وہ نہیں جانتے کہ وہ سیاست میں آسانی سے قدم رکھ پائیں گے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں پردے کے پیچھے سے کانگریس کے لیے کام کرتا رہا ہوں۔