احکام الہٰی، سنت رسول پر عمل سے ہی دنیا و آخرت کی کامیابی ممکن

   

میلاد کمیٹی نظام آباد کے زیر اہتمام جلسہ و جلوس کا انعقاد، علماء و مشائخین کا خطاب

نظام آباد۔ 29 ستمبر( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مرکزی میلاد کمیٹی نظام آباد کے زیر اہتمام زیر سرپرستی مولانا مفتی سلمان رضا خان بریلوی، و زیر صدارت محمد عبدالرشید رضوی صدر میلاد کمیٹی نظام آباد شہر کے مختلف علاقوں میں منعقدہ 15 روزہ جلسہ ہائے میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد عید میلاد النبی کے مبارک موقع پر نکالے جانے والے جلوس محمدی صلی اللہ علیہ وسلم کا آغاز شہر کے مرکزی دینی درسگاہ مدرسہ الجامعۃ الرضویہ انوارلعلوم ہاشمی کالونی سے صبح ٹھیک 8 بجے فلک شگاف صداؤں کے ساتھ پیلا اسکول ہاشمی کالونی،مالا پلی ،بودھن روڈ ، مستعید پورا، احمد پورا کالونی سے نصیر چوراہے سے نظام آباد ہوٹل، مکہ مسجد سے گزر کر محمدیہ کالونی براہ محمدیہ مسجد سے گزر کر قلعہ روڈ سے ہوتا ہوا جوبلی ہوٹل چوراہے سے احمد بازار سے ایورگرین چوراہے سے گزرتا ہوا یہ جلوس محمدی جس میں ہزاروں فرزندان توحید و عاشقان رسول شامل تھے تقریباً 12 بجے نہرو پارک پہنچ کر جلسہ عام میں تبدیل ہوگیا، جہاں کچھ وقفہ علماء و مشائخین مولانا مفتی محمد سلمان رضا خان بریلوی کی سرپرستی میں علامہ مولانا فخرالدین رضوی اور مفتی محمد اکبر رضا خان ضیائی نظام آباد نے خطاب کیا، اور شریک علماء کرام نے اپنے خطابات میں امت مسلمہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا و آخرت کی سرخروئی و کامیابی کیلئے احکامات الہی، تلاوت قرآن پاک اور سنت رسول اللہ صل اللہ علیہ والہ وسلم پر سختی سے عمل پیرا رہنے کی تلقین کی، ان مقررین علماء نے کہا کہ دنیاں و آخرت میں کامیابی صرف اور صرف نسبت رسول اللہ علیہ وسلم سے ہی ممکن ہے، انھوں نے کہا کہ زمین و آسمان میں سب سے زیادہ ذکر ذکر رسول اللہ صل اللہ علیہ والہ وسلم ہی ہے، علماء کرام کے خطابات درود اور سلام کے بعد جلوس محمدی صلی اللہ علیہ وسلم کا اختتام عمل میں لایا گیا، واضح رہے کہ اس سال دونوں طبقات کے تہوار عید میلاد النبی و گنیش اتسو کے پیش نظر جلوس محمدی کے گزرنے والے راستوں کی چند تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ اوقات میں تقریباً 2 گھنٹے کی کمی کردی گئی، تاکہ برادرانِ وطن کے تہوار گنیش اتسو کو منانے کیلئے وقت کے ساتھ آسانی ہوسکے، میلاد کمیٹی نظام آباد کے اس فیصلے کے بعد ضلع انتظامیہ و محکمہ پولیس کے اعلیٰ حکام نے راحت کی سانس لیتے ہوئے میلاد کمیٹی کے فیصلے کی ستائش کی گئی، جلوس محمدی صلی اللہ علیہ وسلم کے شہر کے مختلف علاقوں اور مقامات سے جلوس گزرنے کے دوران مفتی محمد اکبر خان رضوی ضیائی، مفتی محبوب عالم، صدر میلاد کمیٹی محمد عبدالرشید رضوی، مولانا کریم الدین کمال، مولانا عبدالمنان رضوی، نائب صدور میلاد کمیٹی محمد مظہر رضا، محمد جمیل رضا، مجیب رضا، صدر عیدگاہ مدینہ غلام حسین رضوی، سید ساجد رضا خازن، نائب صدر عیدگاہ مدینہ احمد پاشاہ رضوی، عبدالقادر رضوی سجادہ نشین کمال شاہ بیابانی، جاوید رضا خان اظہری، حافظ ایوب علی رضوی، حافظ غلام محی الدین رضوی، مولانا شاہد رضا، ماجد رضا، بابا خان رضوی، ندیم رضا، کاظم رضا، نعمان رضا، احتشام رضا، ذیشان رضا، کے علاوہ دیگر عاشقان رسول جلوس میں شامل رہے۔ جلوس گذرنے والے راستوں پر سیاسی جماعتوں کے قائدین طاہر بن حمدان ،کارپوریٹر ایم اے قدوس ، کانگریس قائد رتناکر، کیشو وینو کے علاوہ دیگر نے جلوس محمدی کا استقبال کیا۔ پولیس کی جانب سے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے ۔ گنیش وسرجن اور میلاد النبی ؐ ایک ہی دن ہونے کی وجہ سے پولیس سخت چوکسی اختیار کی ہوئی تھی پولیس کمشنر ستیہ نارائنا دونوں جلوسوں کا راست طور پر جائزہ لے رہے تھے گنیش اور میلاد النبی ؐ پرُ امن اختتام پر پولیس کمشنر ستیہ نارائنا نے دونوں طبقات کے عوام ، عہدیدار وں سے اور جلوس کو کامیاب بنانے والے تمام افراد سے اظہار تشکر کیا ۔