میدک میں پولیس آفیسرس اور اہلکاروں کی ریالی ، ایس پی ، ضلع کلکٹر و دیگر کا خطاب
میدک ۔6 جون ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی حکومت کی ہدایت پر محکمہ پولیس ضلع میدک کے زیراہتمام تلنگانہ جشن کے تحت (سکیورٹی ڈے ) ضلع ایس پی میدک محترمہ جی روہنی پریہ درشنی کی قیادت و صدارت میں ضلع پولیس آفیسرس و اہلکاروں نے ایک زبردست ریالی منظم کی۔ بعد ازاں ٹاؤن کے وائسرائے فنکشن ہال میں تلنگانہ جشن تقریب کا بھی انعقاد عمل میں آیا۔ ٹاؤن کے رام داس جنکشن سے برائے چلڈرنس پارک ، نیو بس اسٹیشن سے شاندار کار اور بائیک کے علاوہ فائر انجن کے ساتھ نکالی گئی ریالی میں ریاستی وزیر فینانس و ہیلتھ جناب ٹی ہریش راؤ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ منظم کردہ پروگرام میں ریاستی ویمنس کمیشن کی صدرنشین محترمہ وی سنیتا لکشما ریڈی نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔ اس پروگرام میں ارکان اسمبلی میدک و نرساپور ایم پدما دیویندر ریڈی ، مدن ریڈی ، ایم ایل سی میدک مسٹر ایس سبھاش ریڈی ، ضلع کلکٹر میدک مسٹر راج رشی شاہ بھی شریک تھے ۔ وائسرائے گارڈن میں منعقدہ سکیورٹی ڈے پروگرام سے سنیتا لکشما ریڈی نے کہاکہ ریاستی حکومت نے ہر شعبہ میں انجام دیئے گئے ترقیاتی کاموں کو عوام کے سامنے پیش کرنے کے لئے 21 روزہ جشن تلنگانہ منانے کا فیصلہ لیا ہے اور یہ پروگرام پورے تلنگانہ میں کامیابی کے ساتھ منایا جارہا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ کے سی آر نے آج محکمہ پولیس میں اصلاحات لاکر ملک میں محکمہ پولیس کی کارکردگی کو ایک رول ماڈل بنادیا ہے ۔ ضلع کلکٹر راج رشی شاہ نے کہا کہ اگر پولیس اور ضلاع انتظامیہ ہم آہنگی کے ساتھ خدمات انجام دیں تو امن و امان کے قیام میں آسانی ہوجاتی ہے اور اگر امن و امان کو استحکام مل جائے تو ریاست کی ترقی میں رکاوٹ پیش نہیں آتی ۔ ضلع ایس پی محترمہ پی روہنی پریہ درشنی آئی پی ایس نے کہاکہ محکمہ پولیس میں کئی اختراعی پروگرامس اور اصلاحات لانے سے امن و امان میں بہتری آتی ہے ۔ انھوں نے کہاکہ دوستانہ پولیس پالیسی اور نئے تھانوں کے ذریعہ ہم زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہونچنے اور جرائم کی روک تھام ، نگرانی اور گمشدہ اشیاء کی بازیابی میں بہتر نتائج حاصل ہورہے ہیں ۔ اس پروگرام میں محکمہ پولیس میں نمایاں خدمات انجام دینے والے پولیس اہلکاروں کو سرویس میڈلس عطا کئے گئے اور ضلع عدالت میں برسرخدمت گورنمنٹ پلیڈر جناب شیخ فضل احمد کو بہترین خدمات پر تہنیت پیش کی گئی ۔ اس موقع پر افکو ڈائرکٹر ایم دیویندر ریڈی ، ایڈیشنل کلکٹر محترمہ پریتما سنگھ ، صدرنشین ڈسٹرکٹ لائبریریز چندرا گوڑ ، بلدیہ میدک کے صدرنشین و نائب صدرنشین چندراپال ، ملک ارجن گوڑ ، ڈی ایس پی مسٹر سایندلو کے علاوہ بی آر ایس قائدین کی بڑی تعداد شریک تھی ۔