٭ کوہیما : میگھالیہ کے گورنر تتھاگت رائے نے جمعہ کو ایک ٹوئیٹ میں لکھا کہ ’’ایک جمہوریت میں لازمی طور پر تقسیم و انتشار بھی ہوا کرتی ہے۔ اگر آپ کو یہ نہیں چاہئے تو شمالی کوریا چلے جائیں‘‘۔ انہوں نے یہ بیان ایک ایسے وقت دیا جب شہریت (ترمیمی) قانون کے خلاف میگھالیہ میں شدید احتجاج جاری ہے۔
شہریت قانون کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواستیں
٭ نئی دہلی: شہریت قانون کے خلاف سپریم کورٹ میں تقریباً 18 درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان درخواستوں کی 18 ڈسمبر کو سماعت ہوسکتی ہے۔ درخواست گزاروں میں سابق ہندوستانی سفیر برائے نیپال و سابق انڈین ہائی کمشنر متعینہ بنگلہ دیش دیب مکرجی ،دو (ریٹائرڈ) آئی اے ایس آفیسرس سوم سندر بورا اور امیتابھ پانڈے شامل ہیں۔ شہریت قانون کے خلاف شمال مشرقی ریاستوں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جبکہ یہ احتجاج اب مغربی بنگال تک پہنچ گیا۔ ریاست بھر میں اس کے خلاف پرتشدد احتجاج کیا جارہا ہے۔