’’اخوان المسلمون ‘‘ اور ’’امریکی اسلامی تعلقات کونسل‘‘دہشت گرد تنظیمیں قرار

   

واشنگٹن ۔ 9 ڈسمبر (ایجنسیز) فلوریڈا کی ریاست نے “اخوان المسلمون” اور “امریکی اسلامی تعلقات کونسل” کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دیا ہے۔ فلوریڈا کے حکام نے اپنی تمام ایجنسیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دونوں تنظیموں کی کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو روکنے کیلئے تمام قانونی اقدامات کریں، جن میں کوئی بھی ادارہ جو انہیں مالی معاونت فراہم کرتا ہے، اسے حکومتی فوائد یا وسائل سے محروم کرنا بھی شامل ہے۔یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے چند روز قبل ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت اخوان المسلمون کی کچھ شاخوں کو “غیر ملکی دہشت گرد تنظیمیں” قرار دینے کے اقدامات شروع کیے جائیں گے۔ایگزیکٹو آرڈر میں کہا گیا: یہ آرڈر ایک ایسا عمل شروع کرتا ہے جس کے تحت اخوان المسلمون کی کچھ شاخوں یا ذیلی شعبوں کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیمیں قرار دیا جائے گا اور خاص طور پر لبنان، مصر اور اردن میں اخوان المسلمون کی شاخوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

امریکی صدر یوکرین کی حمایت سے دستبردار ہوسکتے ہیں: ٹرمپ کے بیٹے کا عندیہ
واشنگٹن ۔ 9 ڈسمبر (ایجنسیز) ڈونالڈ ٹرمپ جونیئر نے اتوار کو یوکرین میں بدعنوانی پر تنقید کرتے ہوئے اس بات کا اشارہ دیا کہ اگر کیف ماسکو کے ساتھ امن کی طرف نہیں بڑھتا تو ان کے والد یوکرین کی حمایت سے دستبردار ہو سکتے ہیں۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے بڑے بیٹے ٹرمپ جونیئر نے یہ بیانات “دوحہ فورم” میں شرکت کے دوران دیے۔ انہوں نے زور دیا کہ یوکرینی سرکاری اداروں میں برسوں سے پھیلی ہوئی بدعنوانی ماسکو اور کیف دونوں میں جنگ کو ہوا دے رہی ہے۔انہوں نے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی ، جنہیں ان کے سرکردہ معاونین کے خلاف بدعنوانی کی تحقیقات کے بعد سیاسی دباؤ کا سامنا ہے، پر بھی تنقید کی۔ آندرے یرماک، جو زیلنسکی کے قریبی ساتھیوں میں سے ہیں اور بین الاقوامی مذاکرات کی قیادت کے ذمہ دار ہیں، نے حال ہی میں استعفیٰ دے دیا ہے۔ واضح رہے زیلنسکی کو خود بدعنوانی کے الزامات کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ ٹرمپ جونیئر نے کہا کہ جنگ کی وجہ سے اور اپنے دور کے سب سے نمایاں مارکیٹرز میں سے ایک ہونے کی وجہ سے زیلنسکی خاص طور پر بائیں بازو کیلئے ایک آئیکن بن گئے ہیں۔ اس مقام پر وہ غلطی سے پاک اور تنقید سے مبرا نظر آتے ہیں۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا صدر ٹرمپ یوکرین کی حمایت سے دستبردار ہو سکتے ہیں تو انہوں نے جواب دیاکہ میرے خیال میں وہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا جو چیز میرے والد کو ممتاز کرتی ہے اور انہیں منفرد بناتی ہے وہ ان کے فیصلوں کا غیر متوقع ہونا ہے۔
یہی چیز ہر ایک کو حقیقی فکری دیانت کے ساتھ معاملہ کرنے پر مجبور کرتی ہے۔ ٹرمپ جونیئر نے مزید کہا کہ ’’ ہمیں امن چاہیے، ہم موت کو روکنا چاہتے ہیں۔

امریکہ کی جانب سے چین کو H200 چِپس برآمد کرنے کی اجازت

واشنگٹن ۔ 9 ڈسمبر (ایجنسیز)امریکہ نے Nvidia کے جدید H200 آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) پروسیسرز چین کو برآمد کرنے کی مشروط اجازت دے دی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے دی جانے والی اجازت کے تحت ہر ایک چپس کی فروخت پر 25 فیصد فیس وصول کی جائے گی۔خبر ایجنسی کے مطابق اس سے قبل امریکہ میں یہ بحث ہو رہی تھی کہ امریکی کمپنیاں اپنی ٹیکنیکل برتری برقرار رکھنے کیلئے چین کو چِپس فروخت کریں یا پھر اِنہیں روک کر چین کی ٹیکنالوجی کی ترقی کو محدود کیا جائے۔اب امریکی انتظامیہ کی جانب سے چپس کی برآمدگی کی اجازت کو ایک درمیانی راستہ سمجھا جا رہا ہے۔خبر ایجنسی کے مطابق امریکہ اپنے سب سے جدید Blackwell چپس کی برآمدات پر پابندی برقرار رکھے گا جبکہ نسبتاً کم طاقتور H200 چپس چین کو مخصوص سیکیورٹی شرائط پر بھیجی جا سکیں گی۔اس فیصلے کا مقصد امریکی قومی سلامتی کو برقرار رکھتے ہوئے تجارتی فوائد بھی حاصل کرنا ہے۔