ادارۂ سیاست کی جانب سے تعمیر شدہ بیت المعمرین کا پرنس مفخم جاہ کے ہاتھوں افتتاح

,

   

وقارآباد کے پرسکون علاقہ میں ’سکون‘ اولڈ ایج ہوم ،مکمل طبی سہولتوں کیساتھ 100 عمر رسیدہ افراد کے قیام کا انتظام ، ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کا خطاب

حیدرآباد۔ 7اپریل(سیاست نیوز) تعلیم انتہائی ضروری ہے اور اعلی درجہ کی تعلیم کیلئے اگر ہم مدرسۂ عالیہ کودوبارہ اس معیار پر لا سکتے ہیں تو اس سے زیادہ خوشی کی کوئی بات نہیں ہوسکتی ۔پرنس والا شان نواب میر کرامت علی خان مفخم جاہ بہادر نے ادارۂ سیاست کی جانب سے قائم کردہ ’سکون‘ اولڈ ایج ہوم کی رسمی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے ’’سکون‘‘ اولڈ ایج ہوم میں پرنس والا شان نواب میر کرامت علی خان مفخم جاہ بہادر کا خیر مقدم کیا ۔ پرنس والا شان نے اس رسمی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ ادارۂ سیاست اور ایسی عمارتیں تعمیر کرتے ہوئے شہر حیدرآباد کے معمر شہریوں کی خدمت کرسکتا ہے اور انہیں امید ہے کہ اس مسکن برائے معمرین میں معمرین کو ہر قسم کی ممکنہ سہولتیں فراہم کریں گے۔ انہوں نے اپنے مختصر خطاب کے دوران کہا کہ آج تعلیم بالخصوص معیاری تعلیم کی بے انتہاء ضرورت محسوس کی جا رہی ہے اور اگر مدرسۂ عالیہ کے معیار کو بحال کرنے کے لئے اقدامات کئے جا سکتے ہیں تو وہ ایسی صورت میں جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست سے ہر قسم کا تعاون کرنے تیار ہیں۔ جناب زاہد علی خان نے اپنے اور پرنس والا شان کے دور طالب علمی کے دوران موجود مدرسۂ عالیہ کے معیار اور اس کی کارکردگی کا تذکرہ اپنے خطاب کے دوران کیا تھا

جس پر مفخم جاہ بہادر نے یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے بیشتر ممالک میں ایسے تعلیمی ادارے ہیں جو سینکڑوں سال قدیم تہذیبی ورثہ میں شامل ہیں اور ان تعلیمی اداروں کے معیار تعلیم بھی بہت اعلی ہیں اگر ہمیں موقع میسر آتا ہے تو ایسی صورت میں مدرسۂ عالیہ کے بھی سابقہ معیار کو بحال کیا جا سکتا ہے۔جناب زاہد علی خان نے اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ادارۂ سیاست کی جانب سے معمرین شہر کی خدمت کے لئے قائم کئے گئے اس مرکز کے افتتاح کے لئے انہیں نواب میر کرامت علی خان والاشان مفخم جاہ بہادر سے بہتر شخصیت نظر نہیں آئی اسی لئے انہو ںنے اس بیت المعمرین کے رسمی افتتاح کے لئے انہیں مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ۔ انہوں نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ شہر حیدرآباد کی ترقی خاندان آصفیہ کی مرہون منت ہے اس بات سے کوئی انکار نہیں کرسکتا اور اس خاندان کے چشم و چراغ کی شہر میں موجودگی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ’’سکون‘‘ کا رسمی افتتاح انجام دیا جا رہا ہے۔ ایڈیٹر سیاست نے سلطنت آصفیہ اور اس خاندان سے اپنے خاندان کی دیرینہ رفاقت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آصف جاہی حکمرانوں نے اس شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد کی ترقی میں کلیدی رول ادا کیا ہے اور اس بات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ (سلسلہ صفحہ 8پر)