ادارہ سیاست، متولی قبرستان نور خاں کے علاوہ وقف بورڈ کے تعاون سے 17 مسلم نعشوں کی تدفین

   

حیدرآباد۔ 28 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کو مشیر آباد سے سب انسپکٹر پولیس محمد نعیم کا مراسلہ وصول ہوا جس میں مسلم نعش کی تدفین کی درخواست کی گئی۔ اس کے علاوہ حیدرآباد و سکندرآباد کے مختلف پولیس اسٹیشنوں سے تدفین کی غرض سے مراسلے وصول ہوئے ، جملہ 17 مسلم نعشوں کو دواخانہ عثمانیہ اور گاندھی ہاسپٹل سے حاصل کر کے متولی قبرستان نور خاں ، محبوب خاں ، اسحاق خاں عرف واجد کی سرپرستی میں تدفین عمل میں لائی گئی ۔ نماز جنازہ سید زاہد حسین قادری نے پڑھائی ۔ نماز جنازہ میں شیخ مکرم ، سید زبیر ہاشمی ، عبدالجبار موجود تھے ۔ نماز جنازہ رات 4 بجے ادا کی گئی ۔ اس موقع پر بشریٰ تبسم صاحبہ نے کہا جناب زاہد علی خاں صاحب نے 2003 سے تدفین کا سلسلہ شروع کیا ۔ اس طرح بہت سارے ہمارے بھائی جلنے سے بچ گئے ۔ ان ہی کے شوہر سید عبدالمنان نے کہا کہ حیدرآباد میں بہت بڑے بڑے لوگ اور جماعتیں کام کرتی ہیں مگر زاہد علی خاں صاحب نے اس کام کو قبول کر کے ملت فنڈ کے ذریعہ بہت سارے لوگوں کو اس نیک کام میں ملت فنڈ کے ذریعہ شریک کرلیا ۔ جناب سید امجد علی مسجد سرور کونین جو اکثر عمرہ کرتے ہیں ان مرحومین کیلئے دعا کی۔ مصری گنج سے جناب محمد عارف ، محمد عبدالجلیل نے ورثاء کے لئے دعا کی کہ وہ جہاں بھی ہیں اللہ پاک ان کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔ علیم بھائی ، محمد عبدالرحمن ہوٹل فردوس نے ملت فنڈ میں تعاون کرنے والوں کے لئے دعا کی ۔ ادارہ سیاست کارخیر میں حصہ لینے پر متولی قبرستان نور خاں کے علاوہ محبوب خاں ، اسحاق خاں کا شکریہ ادا کیا ۔ تدفین کیلئے ادارہ سیاست کو قبرستان کا بندوبست کرنے پر ادارہ سیاست نے جناب سی او اسد اللہ حسینی‘ وقف بورڈ چیرمین سید عظمت اللہ حسینی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید قبرستان کی گزارش کی ۔